عشرت العباد دبئی چلے گئے، زرداری سے ملاقات متوقع، پیپلز پارٹی، متحدہ میں مفاہمت کا امکان

 کراچی (سٹاف رپورٹر) پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم کے درمیان مفاہمت ہوگئی اور پیپلز پارٹی نے ایک بار پھر ایم کیو ایم کو سندھ حکومت میں شمولیت کی دعوت دیدی۔ ذرائع نے نوائے وقت کو بتایا ہے کہ پیپلز پارٹی اور ایم کیوایم کے درمیان پہلا رابطہ چار روز پہلے ہوا تھا جب گورنر سندھ اور سابق صدر زرداری کے درمیان بلاول ہائوس میں ملاقات ہوئی تھی۔ اس ملاقات کے بعد وزیر اعلیٰ سندھ دوبار گورنر سندھ عشرت العباد سے ملاقات کیلئے گورنر ہائوس گئے تھے۔ ملاقات میں اویس مظفر بھی وزیر اعلیٰ کے ہمراہ تھے اب گورنر سندھ اور آصف علی زرداری کی ملاقات دبئی میں ہوگی جس کے بعد گورنر سندھ گرین سگنل لینے لندن جائیںگے۔ دریں اثناء گورنر سندھ ڈاکٹرعشرت العباد خان گزشتہ رات اچانک دوبئی چلے گئے۔ ذرائع کے مطابق وہ صدر ممنون حسین سے رخصت  لیکر بیرون ملک گئے ہیں اور دبئی سے متوقع طور پر لندن بھی جائیںگے۔ غیر ملکی دورے کے دوران پارٹی قیادت سے صلاح مشورے اور اہم شخصیات سے ملاقاتیں متوقع ہیں۔ گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان ایسے وقت میں بیرون ملک گئے ہیں جب وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ بھی ملک میں نہیں ہیں۔ وزیر اعلیٰ چین کے دورے پر ہیں جبکہ وزیراعظم نواز شریف امریکہ کے اہم دورے پر ہیں۔ گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان کی سابق صدر اور پیپلز پارٹی کے رہنما آصف علی زرداری سے ملاقات بھی متوقع ہے۔ 

ای پیپر دی نیشن