”سپنا کیس“ دوست کھوسہ کو گرفتار نہ کرنے پر پولیس حکام کی ہائیکورٹ میں طلبی

Oct 24, 2013

لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ کے ڈویژن بنچ نے اداکارہ سپنا خان کے اغواءکے مقدمے میں نامزد ملزم سابق وزیراعلیٰ پنجاب سردار دوست محمد کھوسہ سمیت دیگر ملزموں کو گرفتار نہ کرنے کے خلاف دائر درخواست پر ایس پی سی آئی اے عمر ورک سمیت دیگر پولیس افسروں کو عدالت میں طلب کر لیا۔ گزشتہ روز سماعت کے دوران درخواست گزار مثل خان کے وکیل اظہر صدیق نے عدالت کو بتایا کہ کئی ماہ گزرنے کے باوجود پولیس نے دوست کھوسہ سمیت دیگر ملزموں کو گرفتار نہیں کیاجس کے بغیر اداکارہ کی بازیابی ممکن نہیں۔ سرکاری وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ملزمان کی گرفتاری کے لئے اقدامات کئے جا رہے ہیں جس پر عدالت نے سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ملزموں کو گرفتار کرنے کے لئے پولیس کو اور کتنے مہینے چاہئیں۔ عدالت نے کیس کی سماعت 31 اکتوبر تک ملتوی کرتے ہوئے ایس پی عمر ورک سمیت دیگر اعلی پولیس افسروں کو ریکارڈ سمیت طلب کر لیا۔

مزیدخبریں