حافظ آباد (نمائندہ نوائے وقت) جمعیت علمائے اسلام کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات حافظ حسین احمد نے کہا ہے کہ طاہر القادری نے اپنی سابقہ روایات کو برقرار رکھتے ہوئے دھرنے کا خاتمہ باالخیر کر دیا۔ ان کے ہر ایونٹ کا اختتام اسی انداز سے ہوتا ہے۔ انہوں نے انتخابات ہونے کے صورت میں حصہ لینے کا اعلان کیا ہے۔ ہم ان کے اس اعلان کا خیرمقدم کرتے ہیں۔ ’’جمعرات‘‘ کو صحافیوں کے ایک گروپ سے بات چیت کرتے ہوئے حافظ حسین احمد نے کہا کہ اللہ کرے کہ طاہر القادری کے کزن عمران خان بھی ان کے نقش قدم پر چلیں۔ انہوں نے عید کی نماز بھی اُن کے پیچھے پڑھی جو طاہرالقادری نے اشاروں میں پڑھائی۔ معلوم نہیں کہ عمران خان طاہرالقادری یا کسی اور کے اشارے پر عمل کرتے ہیں کہ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ دھرنا ایک جگہ مستقل بیٹھنے کا نام ہے۔ دنیا میں کہیں بھی گشتی دھرنوں کا رواج نہیں ہے۔ طاہرالقادری اسلام آباد سے دھرنا اُٹھا کر ایبٹ آباد پہنچ چکے ہیں۔
دنیا بھر میں کہیں بھی گشتی دھرنوں کا رواج نہیں: حافظ حسین احمد
Oct 24, 2014