نارنگ منڈی/ فیروزوالا/ مریدکے/ لاہور (نامہ نگاران/ خصوصی رپورٹر) پی پی 162 میں ریٹرننگ آفسر رانا آفتاب کی جانب سے جاری حتمی نتائج کے مطابق مسلم لیگ ن کے نامزد امیدوار چودھری حسان ریاض 39373 ووٹ حاصل کر کے کامیاب ہو گئے ہیں، ان کے مدمقابل چودھری عثمان نثار پنوں نے 21962 جبکہ چودھری منظور احمد گجر نے 1800 ووٹ حاصل کئے۔ چوتھے امیدوار قمر علی سرویا نے عثمان پنوں کی حمایت کا اعلان کر دیا تھا۔ اس طرح ووٹوں کا تناسب 49 فیصد رہا۔ عثمان نثار پنوں جو پیپلز پارٹی شیخوپورہ کے جنرل سیکرٹری اور سابق صوبائی ٹکٹ ہولڈر ہیں انہیں سابق امیدوار این اے131 عمرآفتاب ڈھلوں، تحریک انصاف کے رہنماﺅں طیب زمان، سردار ہاشم، سردار ضرار، بریگیڈیر راحت امان اللہ، میجر قربان اللہ، چودھری لیاقت علی، سابق امیدوار حلقہ پی پی 162 شاہد بشیر، قمرعلی سرویا سابق تحصیل ناظم عرفان الہی، گلفام صالح سمیت جماعت اسلامی ودیگر اپوزیشن جماعتوں کی حمایت حاصل تھی۔ علاقہ کی جٹ راجپوت برادریوں نے مسلم لیگ ن کا بھرپور ساتھ دیا۔ حلقہ میں 12پولنگ سٹیشنوں پر رینجرز کی بھاری نفری تعینات تھی بعض پولنگ سٹیشنوں پر ہنگامہ آرائی ہوئی جس کی وجہ سے بوڑھے اوٹھی، آہدیاں پکھیالہ گچھلی مہیں وغیرہ میں تھوڑی دیرکے لئے پولنگ بند کرنا پڑی پکھیالہ میں حسان ریاض کی گاڑی پر پتھراﺅ بھی کیاگیا جبکہ مہیں میں فریقین کی فائرنگ سے تین افراد زخمی ہو گئے۔ بوڑھے اوٹھی میں رمضان کو فائرنگ کرکے شدید زخمی کر دیا گیا۔ ووٹوں کا ٹرن اوور کم رہا اور پولنگ سٹیشنوںپر عملہ گپیں مارتا رہا۔ حسان ریاض نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا وہ عوام سے کئے وعدے ہرحال میں پورے کریںگے۔ ہزاروں افراد نے مسلم لیگ ن کے حق میں ریلیاں نکالیں اورکامیابی پر نعرے لگائے۔ رات گئے تک مسلم لیگ ن کے انتخابی کیمپ میں بے پناہ رش تھا اور مٹھائی تقسیم ہوتی رہی۔ حسان ریاض کے حماتیوں نے انتخابی دفترمیں زبردست ہوائی فائرنگ کرکے جشن منایا۔ نوٹوں کی برسات بھی کی گئی۔ پولیس نے جشن کی خوشی میں فائرنگ کرنے والے چار افراد غفار عرفان و قاص اور عدیل کو گرفتار کر لیا ہے۔ لاہور سے خصوصی رپورٹر کے مطابق شہباز شریف نے شیخوپورہ میں ہوائی فائرنگ کا سخت نوٹس لیتے ہوئے ڈی پی اوسے رپورٹ طلب کرلی ہے۔ وزیراعلیٰ نے انتظامیہ اور پولیس کی بھی بازپرس کی۔ انہوں نے کہا قانون سے کوئی بالاتر نہیں فائرنگ میں ملوث افرادکو گرفتار کیا جائے۔ فیروزوالا سے نامہ نگار کے مطابق ضمنی الیکشن کے دوران مختلف پولنگ سٹیشنوں پر ہاتھا پائی کے واقعات میں متعدد افراد زخمی ہو گئے۔ مریدکے سے نامہ نگار کے مطابق مرحوم لیگی ایم پی اے خرم گفلام کے کزن حسان ریاض نے جماعت اسلامی، ق لیگ، پی ٹی آئی، پی پی کے مشترکہ امیدوار عثمان نثار پنوں کو واضح لیڈ سے شکست دی۔ شہباز شریف، رانا تنویر حسین، رانا افضال حسین، صاحبزادہ محمد امجد اجمل، ملک محمد ریاض، اشرف رسول شاہ، خرم اعجاز چٹھہ نے حسان ریاض کو ایم پی اے منتخب ہونے پر مبارکباد دی ہے۔
ضمنی الیکشن