لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق منیجر اور پاکستان ٹیم کے پہلے کپتان کے بیٹے یاور سعید کو گذشتہ روز لاہور کے مقامی قبرستان میں سوگواروں کی بڑی تعداد کی موجودگی میں سپردخاک کر دیا گیا۔ مرحوم کے جنازہ میں رشتہ داروں کی کثیر تعداد کے علاوہ سابق گورنر پنجاب شاہد حامد، سابق وزیر دفاع احمد مختار، سابق چیئرمین پی سی بی اعجاز بٹ، احمد سعید، رکن قومی اسمبلی ایاز صادق، افتخار ملک، زاہد حامد، راجہ ظفر الحق، مشاہد حسین، مجاہد حسین، سینیٹر انور بیگ، سینیٹر اعتزاز احسن، عبدالغفور، نوید چوہدری، معین افضل، سردار اسد حیات، پی سی بی ڈاکٹر ریاض، سابق ٹیسٹ کرکٹر شفقت رانا، رزاق داود، راجہ اسد علی، طارق رحیم، عاشق حسین قریشی، ملک منظور مانی سمیت سیاست اور مختلف شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد شریک تھی۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے سابق چیئرمین اعجاز بٹ اس موقع پر آبدیدہ ہو گئے۔ ان کا کہنا تھا کہ مرحوم کے ساتھ ان کی کافی اچھی دوستی رہی ہے جبکہ ان کے دور میں ہی وہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے منیجر کے فرائض بھی انجام دیتے رہے ہیں۔ مرحوم ایک اچھے انسان تھے اللہ تعالیٰ ان کی مغفرت کرئے۔ مرحوم کے ایصال ثواب کے لیے رسم قل کل بروز اتوار رہائشگاہ 91-C ٹیک سوسائٹی کینال بنک لاہور میں ادا کی جائے گی۔ قرآن خوانی کا آغاز صبح 10 بجے ہوگا جبکہ دعا ساڑھے گیارہ بجے ہوگی۔