لاہور(سپورٹس رپورٹر) جونیئر ایشیا کپ کی تیاری کے لیے پاکستان ہاکی فیڈریشن کی جانب سے بلائے جانے والے 36 کھلاڑی کل بروز اتوار کو کیمپ کمانڈنٹ طاہر زمان کو رپورٹ کرینگے۔ سیکرٹری پی ایچ ایف اولمپئن شہباز احمد سینئر کا کہنا ہے کہ وہ کیمپ کو خود مانیٹر کرینگے اس کیلئے کیمپ کو لاہور میں لگایا جا رہا ہے۔ سلطان آف جوہر جونیئر ہاکی ٹورنامنٹ میں قومی ٹیم کی کارکردگی بڑی ناقص رہی ہے جس پر فیصلہ کیا گیا ہے کہ کیمپ میں کھلاڑیوں پر خصوصی توجہ دیکر ایک مضبوط ٹیم تشکیل دی جائے۔ ٹیم مینجمنٹ کو فری ہینڈ دیا گیا ہے کہ وہ ایسے کسی کھلاڑی کو ٹیم کا حصہ نہ بنائیں جس کی ٹیم کو کوئی ضرورت نہیں ہے۔ انکا کہنا تھا کہ جونیئر ٹیم کا ایشا کپ میں سخت امتحان ہے کیونکہ یہ جونیئر ورلڈ کپ کا کوالیفائنگ راونڈ بھی ہے۔ شہباز سینئر کا کہنا تھا کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن کھیل کو زندہ کرنے کے لیے جلد ایک پلان متعارف کرائے گی جس پر عمل کر کے ہم اپنا کھویا ہوا مقام واپس حاصل کرنے کی کوشش کرینگے۔ سب کو ملکر اس میں اپنا حصہ ڈالنا ہوگا۔ نوجوان کھلاڑیوں کو کھیل کے ساتھ ساتھ دیگر مراعات بھی دینے کی کوشش کرینگے۔ ان کا کہنا تھا کہ جونیئرز کے ساتھ لاہور میں پاکستان وائٹ کا کیمپ لگانے کا مقصد سینئر کھلاڑیوں کو ٹریننگ میں رکھنے کے ساتھ ساتھ ان کے جونیئرز کے ساتھ مقابلے کرائے جائیں گے۔ تاکہ جونیئر ٹیم کو ایشیا کپ کی تیاری کا بھرپور موقع مل سکے۔ سلطان آف جوہر جونیئر ہاکی ٹونامنٹ میں کھلاڑیوں میں میچ پریکٹس کی کمی دیکھی گئی ہے ایشیا کپ سے پہلے پاکستان وائٹس کے ساتھ تین سے چار میچز کرائے جائیں گے تاکہ جونیئر کھلاڑی کو اچھی پریکٹس مہیا کی جا سکے۔