شہباز شریف سے صدر آئی سی سی ظہیرعباس کی ملاقات

Oct 24, 2015

لاہور (خصوصی رپورٹر+ سپورٹس رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے صدر ظہیر عباس نے آج ےہاں ملاقات کی جس میں کرکٹ کے کھیل کے فروغ کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان میں کرکٹ کا بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے اور اس ٹیلنٹ کو نکھار کر کرکٹ میں پاکستان اپنا مقام دوبارہ حاصل کر سکتا ہے۔ انہوںنے کہاکہ زمبابوے کی کرکٹ ٹیم کے دورے سے پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی میں اہم پیشرفت ہوئی ہے تاہم اس ضمن میں تسلسل کے ساتھ مثبت اقدامات جاری رہنے چاہئیں اور پنجاب حکومت اس ضمن میں ہرممکن تعاون کرنے کیلئے تیار ہے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاکستان کے کرکٹرز نے کئی مواقع پر عالمی سطح پر ملک وقوم کانام روشن کیا ہے۔پنجاب حکومت نے کرکٹ اور دیگر کھیلوں کے فروغ کے لئے نئی گراﺅنڈز مہیا کی ہیںاور کرکٹ سمیت دیگر کھیلوں کے فروغ کیلئے جامع پروگرام پر عملدرآمد کیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ کھیل معاشرے میں نظم و ضبط کو فروغ دینے کے ساتھ ٹینشن میں کمی کا باعث بنتے ہیں۔ کرکٹ سمیت دیگر کھیلوں کو فروغ دے کر معاشرے سے منفی سرگرمیوں کا خاتمہ کیا جا سکتا ہے۔ کھیل کو صرف کھیل کے طورپر ہی لینا چاہئے اور کرکٹ سمیت تمام کھیلوں کی اصل روح سپورٹس مین سپرٹ ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ پنجاب حکومت آئندہ بھی کرکٹ سمیت دیگر کھیلوں کے فروغ کے لئے ہر ممکن سہولتیں فراہم کرے گی۔

مزیدخبریں