شام میں کیمیائی ہتھیاروں کے استعمال کی مذمت، ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی جائے: پاکستان

Oct 24, 2015

جنیوا (اے پی پی) پاکستان نے کہاہے کہ وہ شام میں کیمیائی ہتھیاروں کے استعمال کی مسلسل مذمت کرتا رہا ہے اور پاکستان اس طرح کے سنگین جرائم میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی کا پرزورمطالبہ کرتاہے۔اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب تہمینہ جنجوعہ نے جنرل اسمبلی کی تخفیف اسلحہ اور بین الاقوامی امن کمیٹی کے اجلاس سے اپنے خطاب کے دوران کہا کہ ہم کسی بھی جانب سے کسی بھی صورتحال میں کیمیائی ہتھیاروں کے استعمال کی مخالفت کرتے ہیں۔گذشتہ روزتباہی پھیلانے والے ہتھیاروں کے حوالہ سے بحث میں حصہ لیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ بات باعث حیرت ہے کہ اکیسویں صدی میں ابھی تک کیمیائی ہتھیار استعمال کئے جارہے ہیں۔پاکستانی سفیر نے کہا کہ کیمیائی ہتھیار استعمال کرنے والے حکومتی اورغیرحکومتی عناصرکے خلاف سخت کارروائی کی ضرورت ہے جبکہ ایسے تمام ہتھیاروں کے ذخیرہ کو قبضہ میں لے لینا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ حساس ٹیکنالوجی اور مواد کو کنٹرول کرنے کیلئے موثر طریقہ کار اختیار کرنے کی ضرورت ہے تاکہ امن وامان کی صورتحال کو یقینی بنایا جاسکے۔ تہمینہ جنجوعہ نے کہا کہ پرامن مقاصد کیلئے حساس آلات اورمواد کے استعمال کی اجاز ت ہونی چاہئے۔ انہوں نے کہاکہ کیمیکل اور بائیولوجیکل ویپنز کنونشنز پر عملدرآمد کی ضرورت ہے ، پاکستان ان معاہدوں پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کیلئے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان دنیا کا پہلا ملک ہے جو نیشنل اتھارٹی مینٹر شپ پروگرام کی جامع حمایت کرتا ہے۔

مزیدخبریں