لاہور + اسلام آباد (صباح نیوز+ بی بی سی اردو) یوم عاشور پر دہشت گردی کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے اور لاہور سمیت کئی شہروں میں 6 مبینہ دہشت گردوں کے خاکے جاری کئے گئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق قانون نافذ کرنے والے اداروں نے لاہور میں ممکنہ دہشت گرد کا خاکہ جاری کیا ہے۔ ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر حیدر اشرف نے کہا ہے مبینہ دہشت گرد کے خاکے سے متعل داخلی اور خارجی ناکوں پر تعینات اہلکاروں کو بھی آگاہ کر دیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق مبینہ دہشت گرد کا قد درمیانے درجے کا ہے اور اس کی عمر بیس سے پچیس سال کے درمیان ہے۔ دہشت گرد نے ہلکی داڑھی بھی رکھی ہوئی ہے ڈی آئی جی آپریشنزنز ڈاکٹرحیدر اشرف کا کہنا ہے کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے حالات پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔ علاوہ ازیں قانون نافذ کرنے والے اداروں کو 5 مبینہ دہشت گردوں کے خاکے بھیجے گئے ہیں جن کے بارے میں شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ وہ خود کش حملہ آور ہیں اور ماتمی جلوسوں کو نشانہ بنا سکتے ہیں۔ وزارت داخلہ کے ذرائع کے مطابق خفیہ اداروں کی معلومات کے مطابق 5 مبینہ دہشت گردوں میں سے دو خودکش حملہ آوروں کے بارے میں اطلاعات ہیں کہ وہ جنوبی پنجاب کے شہروں میں ہیں جبکہ خفیہ اداروں نے باقی مبینہ خودکش حملہ آوروں کے بارے میں متعلقہ حکام کو مطلع کیا ہے کہ وہ کراچی اور پشاور میں ہیں۔ اہلکار کے مطابق ان مبینہ خودکش حملہ آوروں کی عمریں 18 سے 25 سال کے درمیان ہیں۔ وزارت داخلہ کے ذرائع کے مطابق خفیہ اداروں کو ان مبینہ خودکش حملہ آوروں کے بارے میں جو معلومات دی گئی ہیں اْن میں یہ واضح کیا گیا ہے کہ ان دہشت گردوں کو ایسے ماتمی جلوں کو نشانہ بنانے کی ہدایت کی گئی ہے جہاں پر سکیورٹی کے انتظامات قدرے کم ہوں۔
لاہور سمیت کئی شہروں میں 6 مبینہ دہشت گردوں کے خاکے جاری
Oct 24, 2015