لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ شہباز شریف کی زیر صدارت اجلاس میں صوبے کے سکولوں میں بچوں و بچیوں کو معیاری تعلیم کے فروغ اور اساتذہ کو جدید تربیت فراہم کرنے کے حوالے سے تجاویز کا جائزہ لیا گیا۔ شہباز شریف نے کہاکہ معیاری تعلیم کے فروغ اور اساتذہ کو جدید تربیت کیلئے ہنگامی بنیادوں پر کام کیا جائے۔ معیاری تعلیم پر عام آدمی کے بچوں کا بھی اتنا ہی حق ہے جتنا اشرافیہ کے بچوں کا اور پنجاب حکومت عام آدمی کے بچے کو معیاری تعلیم مہیا کرنے کا حق دے گی اور اس مقصد کے لئے تمام ضروری وسائل فراہم کئے جائیں گے۔ وزیراعلیٰ نے معیاری تعلیم کے فروغ کے حوالے سے کمیٹی بنانے، اساتذہ کی کوالٹی ٹریننگ کے لئے 14 روز میں تجاویز دینے کی ہدایت کی۔ علاوہ ازیں شہباز شریف کی زیرصدارت اجلاس میں یوم عاشور کے موقع پر عوام کے جان ومال کے تحفظ کیلئے کئے جانے والے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ سکیورٹی پلان پر پوری طرح عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔ ملک نازک دور سے گزر رہا ہے۔ دشمن ملکی سالمیت کو نقصان پہنچانے کے درپے ہے لیکن ہم سب نے مل کر اجتماعی کاوشوں کے ساتھ قوم کے اتحاد کی طاقت سے دشمن کے مذموم عزائم ناکام بنانا ہیں۔ علاوہ ازیں وفاقی وزیر مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی سردار محمد یوسف نے شہباز شریف ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ رواداری، اخوت اور مذہبی ہم آہنگی کا فروغ وقت کا اہم ترین تقاضا ہے۔ اتحاد کی جتنی ضرورت آج ہے شاید پہلے کبھی نہ تھی۔ یوم عاشور پر اپنے پیغام میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ نواسہ رسولؐ حضرت امام حسینؓ اور ان کے جانثار ساتھیوں نے عظیم مقصد کے لئے اپنی جانوں کی قربانی دے کر تاریخ اسلام کا درخشاں باب رقم کیا ہے۔ شہدائے کربلا کی قربانیاں ہمارے لئے مشعل راہ ہیں۔ واقعہ کربلا صبر و تحمل، رواداری، ایثار اور قربانی کا درس دیتا ہے جس پر عمل پیرا ہوکر پرامن معاشرہ تشکیل دیا جا سکتا ہے۔ وزیراعلیٰ نے سابق رکن اسمبلی الیاس جٹ، سینئر صحافی حسنین الرحمن کی والدہ کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔