آزاد کشمیر کا 69 واں یوم تاسیس آج منایا جائے گا

Oct 24, 2016

مظفرآباد(اے این این )آزاد کشمیر کا 69 واں یوم تاسیس آج منایا جائے گا۔ صدر آزاد جموں وکشمیر محمد مسعود خان ، وزیر اعظم راجہ محمد فاروق حیدر خان اور وزیرا طلاعات مشتاق احمد منہاس نے کہا ہے کہ جس عظیم مقصد کیلئے بیس کیمپ کی حکومت کا قیام عمل میں لایا گیا تھا اس کے حصول تک جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔آزادجموں و کشمیر کا قیام محض اتفاق نہیں تھا بلکہ اس کیلئے کشمیریوں نے تاریخ ساز جدوجہد کی اور قربانیاں دی تھیں،24 اکتوبر 1947 صدیوںکی قربانی کے روشن سویرے کا نام ہے،بھارت کشمیری عوام کے جذبہ حریت میں کمی لا سکا اور نہ آئندہ لاسکے گا،لاکھوںکشمیر ی تحریک آزادی کو اپنے لہو سے سیراب کر چکے ،19 جولائی 1947 کو سرینگر کے مقام پر ریاستی مسلمانوں نے قرارداد پاکستان منظور کر کے اپنا مستقبل پاکستان کے ساتھ وابستہ کر نے کا فیصلہ کیا تھا اور ڈوگرہ راج کے خلاف اعلان جہاد آزادی کرکے قرارداد الحاق پاکستان کو عملی شکل دینے کیلئے اپنی عملی جدوجہد کا آغاز کر دیا اور پندرہ ماہ تک مسلسل بھارتی افواج کا بھرپور مقابلہ کر کے آزادجموں و کشمیر میں آج ہی کے دن ایک انقلابی حکومت قائم کر دی ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر کے 69ویں یوم تاسیس کے موقع پر اپنے الگ الگ پیغامات میں کیا ۔صدر محمد مسعود خان نے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر کو عملی طورپر فوجی کالونی بنا رکھا ہے ۔ انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزیوں ،کشمیریوں کو گاجر مولی کی طرح کاٹنے کے عمل کو تیز کرنے نے کشمیر ی عوام کو اس بات پر مجبور کیا کہ وہ میدان عمل میں کود پڑیں ۔کشمیریوں نے اپنی بے مثل قربانیوں سے یہ ثابت کر دیا ہے کہ وہ حق خود ارادیت کی حصول تک اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے ۔وزیر اعظم راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہاکہ وزیراعظم پاکستان محمد نواز شریف کی مدبرانہ اور ولولہ انگیز قیادت میں پاکستان کی حکومت اور عوام نے کشمیری عوام کی جس دلیرانہ ندازمیں وکالت کی اس پر پوری قوم انہیں خراج تحسین پیش کرتی ہے ۔ انشاء اللہ وہ دن دور نہیں جب مقبوضہ کشمیر کے عوام بھارتی تسلط سے آزاد ہو کر پاکستان کے ساتھ الحاق کریں گے اور ہم اپنے آباء کے الحاق پاکستان کے عزم کو عملی جامہ پہنائیں گے ۔وزیر اطلاعات مشتاق احمد منہاس نے کہا کہ24 اکتوبر 1947 صدیوں کی قربانی کے روشن سویرے کا نام ہے جسے لاکھوں کشمیریوں نے اپنے لہو سے منور کیا ہے ۔ہم بھارت سے ہر صورت آزادی لے کر رہیں گے۔

مزیدخبریں