کراچی (نوائے وقت رپورٹ) پی ایس پی کے سربراہ مصطفی کمال نے کہا ہے پاکستان کے بعد آزاد ہونے والے ممالک ترقی کر گئے۔ کراچی شہر کے لوگ پانی آنے پر خوشی کا اظہار کرتے ہیں۔ دنیا کا ساتواں بڑا شہر سینٹرل ایشیا کا مین گیٹ وے ہے۔ سعید آباد کراچی میں دفتر کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا پانی جیسی ضرورت بھی ناپید ہے۔ ساڑھے 3 لاکھ بچے غذا‘ پانی نہ ملنے سے مر جاتے ہیں۔ غذا نہ ملنے سے بچے بیماریوں کا شکار ہو رہے ہیں۔ گزشتہ 14 سال سے بانی ایم کیو ایم کا گورنر بیٹھا ہواہے۔ گورنر خود کہتا ہے وہ لٹکا دے گا‘ مار دے گا۔ میٹرک انٹر بورڈ آفس سے 50 ہزار روپے میں کوئی بھی جعلی ڈگری لے سکتا ہے۔ ملکی نظام میں غریبوں کا کوئی پرسان حال نہیں۔ غریب کی زندگی موت میں بدل جاتی ہے مگر انصاف نہیں ملتا، اپنے حقوق کیلئے سڑکوں پر نکلیں گے، لوگ انصاف کیلئے سالہاسال عدالتوں کے چکر لگاتے ہیں، پاکستان میں بڑے لوگوں پر ہاتھ نہیں ڈالا جاتا، غریب در در کی ٹھوکریں کھانے اور فاقوں پر مجبور ہے۔ میں یہاں سیاست کرنے نہیں‘ شہریوں کے حقوق کیلئے جہاد کرنے آیا ہوں۔ ہم کبھی کسی کو ہتھیار نہیں تھمائیں گے۔ کراچی کا پانی چوری کرنے میں منتخب نمائندے اور حکومت ملوث ہے۔ جھوٹ بول کر کسی سے ووٹ نہیں مانگوں گا۔
کراچی میں پانی ناپید‘ بانی ایم کیو ایم کا گورنر 14 سال سے بیٹھا ہے: مصطفی کمال
Oct 24, 2016