چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ 2 نومبر کوکشتیاں جلا کر اسلام آباد پہنچیں گے اور وزیراعظم کے استعفےٰ تک وہیں رہیں گے 10 لاکھ افراد اسلام آباد پہنچیں گے۔ مالاکنڈ کے علاقے سنی کوٹ میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جلسہ دیکھ کر مجھے نواز شریف پر ترس آ رہا ہے۔ ہمارے زمانے کی ٹیم دنیا کی بہترین ٹیم تھی۔ اسلام آباد کا میچ بہت بڑا ہے۔ بڑے بڑے مشکل میچ کھیلے بھارت میں ہرا کر آئے، ایک طرف نوجوان ہیں اور دوسری طرف ڈاکوﺅں کا کپتان ہے۔ نواز شریف کی ٹیم میں وائس کپتان کون ہو گا، کیا ایزی لوڈ؟ نواز شریف کی ٹیم کا وائس کپتان مولانا فضل الرحمن ہو گا۔ نہیں مولانا فضل الرحمن کو 12 واں کھلاڑی بنا دیتے ہیں۔ پنجاب کے شوباز شریف کو بھول سکتے ہیں اس نے بھی بڑا پیسہ بنایا ہے۔ نواز شریف کی ٹیم کا تیسرا رکن آصف علی زرداری ہو گا۔ آصف زرداری ملک کی سب سے بڑی بیماری ہے۔ یہ میچ پاکستان کے مستقبل کیلئے ہو گا۔ چھوٹا سا کنٹریکٹر امیر مقام آج ارب پتی بن چکا ہے۔ پانچویں کھلاڑی اکرم درانی ہیں۔ میں تو دھرنے کیلئے عوام کوتیار کرنے آیا تھا مگر یہاں تو عوام پہلے سے تیار ہیں۔ اس میچ میں نوجوانوں کے مستقبل کا فیصلہ ہو گا۔ نہ عمران کبھی جھکا نہ ہی پاکستانی قوم کبھی جھکے گی۔ دو قومی نظریئے کا پاکستان بنانا چاہتے ہیں۔ زندگی کے 21 سال میدان میں گزرے بڑے سخت میچ کھیلے جتنے میچ کھیلے 2 تاریخ کا میچ سب سے زبردست ہوگا۔ قبل ازیں بنی گالہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا کہ حکمران پہلے تو جدہ بھاگ گئے تھے مگر اب انہیں بھاگنے کا موقع نہیں ملے گا، وزیراعظم کے پاس اب بھی وقت ہے وہ استعفیٰ دیں یا اپنے آپ کو ٹی او آر ز کے تحت احتساب کیلئے پیش کرنے کیلئے تیار رکھیں، محمد نواز شریف فوج کیلئے خطرہ بن رہے ہیں ،وزیر اعظم کےخلاف تحریک شروع ہو تو کنٹرول لائن پر گڑ بڑ شروع ہو جاتی ہے ۔نواز شریف اپنے آپ کو بچانے کیلئے بھارت اور اسرائیل سے مدد کی اپیل کر رہے ہیں، میرانام پاناما لیکس میں نہیں آیا مگر میں بھی خود کو احتساب کیلئے پیش کرتا ہوں جن ٹی او آرز پر نواز شریف کا احتساب ہو میرابھی انہیں ٹی او ار ز پر احتساب کیا جائے ،2نومبر کو اسلام آبا دمیں 10لاکھ لوگ جمع ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے ملکی اداروں کو تباہ کر دیا، اب کوئی ادارہ ان کے خلاف ایکشن لینے کو تیار نہیں ،حکمران پاکستان کے نظریئے کو تباہ کر رہے ہیں ،انہوں نے کہا کہ نواز شریف احتساب سے اس لئے بھاگ رہے ہیں کیونکہ انہیں پتہ ہے کہ وہ پکڑے جائیں گے ۔انہوں نے کہا کہ اگر میں نے کرپشن کی ہے تو ابھی تک مجھے کوئی نوٹس کیوں نہیں جاری ہوا ؟، ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی جب تک احتجاج کریگی تب تک معاملہ آر پار ہو چکا ہو گا جس کے بعد پیپلز پارٹی کو لانگ مارچ کی ضرورت بھی نہیں پڑےگی ۔ کوئی ایماندار آدمی نواز شریف کےساتھ نہیں جا سکتا تاہم اب حکمرانوں کو چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی ۔