کراچی: پنشن جاری نہ ہونے پر ریٹائرڈ ملازم کی سوک سنٹر سے کود کر خودکشی

کے ایم سی کے ریٹائرڈ ملازم نے حکام کی جانب سے پنشن جاری نہ کئے جانے پر سوک سینٹر کی عمارت سے خودکشی کرلی۔ کراچی میٹرو پولیٹن کارپوریشن کا ریٹائرڈ ملازم محمد اقبال گزشتہ کئی روز سے اپنی پنشن کے اجرا کے لیے سوک سینٹر میں متعلقہ حکام کے دفاتر کے دھکے کھا رہا تھا۔ ہر مرتبہ اس کے کاغذات میں کوئی نہ کوئی خامی نکال دی جاتی۔آج صبح بھی جب وہ اپنی پنشن کے سلسلے میں سوک سینٹر پہنچا تو ایک بار پھر اسے بہانے بناکر ٹرخا دیا۔ حکام کی جانب سے بہانے بازی پر اقبال دلبرداشتہ ہوکر عمارت کی چھٹی منزل سے کود گیا جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوگیا۔ وہاں موجود افراد نے اقبال کو طبی امداد کے لیے ہسپتال لے جانے کی کوشش کی تاہم وہ راستے میں ہی دم توڑ گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ خودکشی کرنے والے ریٹائرڈ سرکاری ملازم کی نعش کو پوسٹ مارٹم اور ضابطے کی دیگر کارروائی کے بعد لواحقین کے حوالے کردیا جائے گا۔

ای پیپر دی نیشن