کراچی(اسٹاف رپو رٹر) میئر کراچی وسیم اختر نے کراچی پیکیج میں محکمہ فائربریگیڈ کے لئے مختص رقم سے آنے والے فائر ٹینڈرز اور مشینری کو فائر بریگیڈ فلیٹ میں شامل کرنے ، ان کی دیکھ بھال اور مرمت کے لئے فائر بریگیڈ کے میکینیکل اور الیکٹریکل شعبے کو تین زون میں تقسیم کرنے اور گاڑیوں کی دیکھ بھال اور مرمت کے لئے تین ورکشاپس بنانے کے احکامات جاری کئے ہیں جبکہ ایک میکنیکل انجینئر کو بھی تعینات کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے،یہ احکامات پیر کے روز محکمہ فائربریگیڈ سے متعلق ایک اجلاس میں جاری کئے گئے ، میئر کراچی ایڈوائزر فرحت خان، سینئر ڈائریکٹر میونسپل سروسز مسعود عالم، ڈائریکٹر فائربریگیڈ سید تسنیم احمد، ڈائریکٹر ٹیکنیکل میئر سیکریٹریٹ ایس ایم شکیب اور تمام فائر اسٹیشنوں کے الیکٹریکل اور میکنیکل سے متعلق افسران و ملازمین نے شرکت کی، میئر کراچی نے کہا کہ محکمہ فائربریگیڈ ایک انتہائی حساس اور اہم شعبہ ہے اور براہ راست شہریوں کے جان و مال کی حفاظت پر مامور ہے، اس لئے یہ شعبہ ان کی ترجیحات میں سرفہرست ہے انہوں نے کہا کہ یہ ورکشاپس لانڈھی فائراسٹیشن ، سہراب گوٹھ فائر اسٹیشن اور سینٹرل فائر اسٹیشن میں قائم کی جائیں گی ، لانڈھی فائر اسٹیشن میں قائم ورکشاپ ضلع ملیر اور ضلع کورنگی ، سہراب گوٹھ میں قائم ورکشاپ ضلع وسطی اور شرقی اور سینٹرل فائر اسٹیشن میں قائم ورکشاپ ضلع جنوبی اور غربی کے فائر اسٹیشنوں کی گاڑیوں کی مرمت اور دیکھ بھال کی ذمہ دار ہوں گی، انہوں نے کہا کہ ہر فائر ٹینڈر کے ساتھ ڈرائیور، فائرمینوںکے علاوہ ایک تکنیکی مہارت رکھنے والا ملازم بھی شامل ہوگا جو اس کی دیکھ بھال کا ذمہ دار ہوگا اور تمام گاڑیاں ماضی کی طرح کے ایم سی کی ورکشاپس میں ہی درست کی جائیں گی جس سے کے ایم سی کو کروڑوں روپے کی بچت ہوگی، انہوں نے کہاکہ جلد ہی کراچی پیکیج کے تحت فائر بریگیڈ کو جدید آلات سے لیس نئے فائر ٹینڈر فراہم کئے جائیں گے اور ان فائرٹینڈر اور اسنارکل کے فلیٹ میں شامل ہونے سے محکمہ فائر بریگیڈ کی کارکردگی میں نہ صرف اضافہ ہوگا بلکہ یہ جدید گاڑیاں اور مشینری شہر کی ضروریات بھی پوری کرسکیں گی۔