فوج کے پیچھے کھڑے ہیں‘ نوازشریف کی گرفتاری کا بیان زرداری کا نہیں ہو گا : مریم نوازشریف

Oct 24, 2017

لاہور (خصوصی رپورٹر+ نوائے وقت رپورٹ) مسلم لیگی رہنما مریم نوازشریف نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) متحد ہے اور متحد رہے گی‘ جمہوری حکومت مدت پوری کرے گی‘ فوج ہمارے ملک کیلئے جانیں قربان کرتی ہے ہم سب اس کے پیچھے کھڑے ہیں‘ اداروں کو اپنی حدود میں رہنا چاہئے‘ کچھ لوگوں کی قسمت میں خوفزدہ رہنا اور رونا دھونا ہے۔ وہ مسلم لیگی رہنما اور سابق رکن پنجاب اسمبلی حافظ محمد نعمان کی رہائش گاہ گلبرگ پر ان سے انکی والدہ کی وفات پر اظہار تعزیت اور فاتحہ خوانی کے بعد میڈیا سے گفتگو کر رہی تھیں۔ اس موقع پر حافظ نعمان کے دونوں بھائی‘ مسلم لیگی کارکنان اشتیاق لون‘ حاجی طلعت و دیگر بھی موجود تھے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ 30 سال سے ہمارے درمیان اختلافات کی باتیں ہو رہی ہیں لیکن ان میں کوئی صداقت نہیں ہے‘ مخالفین کو کوئی اور بات نہیں ملتی تو اختلافات کی بات کرنے لگتے ہیں تاہم اختلافات کی خواہش رکھنے والے مایوس ہوئے آئندہ بھی مایوس ہوں گے۔ نوازشریف کی قیادت میں ساری پارٹی متحد ہے۔ الزامات کا سلسلہ سارا دن اور رات جاری رہتا ہے لیکن سیاست نوازشریف کے گرد ہی گھومتی ہے اور وہ سیاست کا محور پہلے بھی تھے اور اب بھی ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ جس طرح ڈس کوالیفیکشن ہوئی ہم نے اور دنیا نے دیکھا ایسے میں انصاف کی امید تو نہیں رکھنی چاہئے لیکن امید پر دنیا قائم ہے‘ نااہلی نے نوازشریف کو فائدہ دیا ہے‘ ناراض ورکر پھر سے پوری قوت کے ساتھ ان کے ساتھ کھڑا ہے۔ میں اگلے الیکشن کے بارے میں ابھی پیشن گوئی نہیں کر سکتی۔ الیکشن میں امیدواروں کی ٹکٹوں کا فیصلہ میری پارٹی کرے گی میرے لئے الیکشن لڑنے کے بارے میں جو فیصلہ ہو گا میں ویسا ہی کروں گی۔ میں امید کرتی ہوں جمہوری حکومت اپنی مدت پوری کرے گی۔ قبل ازیں انہوں نے مزنگ کے علاقے میں ایم پی اے ماجد ظہور کے ساتھ ان کے دفتر میں یونین کونسل 68 کے منتخب نمائندوں سے ملاقات کی اور یونین کونسل کے مسائل پوچھے۔ وہ مزنگ کے ٹیچنگ ہسپتال میں بھی گئیں اور وہاں علاج معالجے کی سہولتوں کا جائزہ لیا۔ مریم نواز نے میڈیا سے بات چیت میں کہا کہ شریف خاندان میں کوئی اختلاف نہیں‘ حمزہ سے کوئی اختلاف نہیں‘ چھوٹا بھائی ہے۔ نوازشریف کی نااہلی پہلے ہوئی اور کیسز بعد میں چلے۔ پہلے سزا دی گئی بعد میں ثبوت ڈھونڈے گئے۔ یہ دنیا میں اپنی نوعیت کا پہلا مقدمہ ہے جس میں فیصلہ پہلے آگیا مقدمہ بعد میں چل رہا ہے۔ مقدمے چلتے رہیں گے قیامت تک کچھ نہیں نکلے گا۔ ثبوت وہ لوگ ڈھونڈ رہے ہیں جنہیں ثبوت مل نہیں رہے۔ نیب کو پہلے مردہ کہتے رہے اب دوبارہ کیسے زندہ ہوگیا۔ سپریم کورٹ نے خود یہ بات کی تھی کہ نیب وفات پاچکا ہے۔ اگر عمران خان کی قسمت میں رونا دھونا لکھا ہے تو میں کیا کر سکتی ہوں۔نوازشریف کی گرفتاری کا بیان زرداری کا نہیں ہو گا۔

مزیدخبریں