کراچی ( کرائم رپورٹر)ٖغیر ملکی سیکیورٹی ماہر ریگ ڈکسن نے سینٹرل پولیس آفس کراچی میں آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ سے ملاقات کی انکے ہمراہ پاکستان کرکٹ بورڈے چیف سیکیورٹی آفیسر کرنل ریٹائرڈ اعظم خان بھی تھے۔ملاقات/اعلٰی سطحی اجلاس میں کراچی میں ماہ فروری میں منعقدکیئے جانیوالے پی ایس ایل میچز کے دوران بین الاقوامی معیار کی سیکیورٹی فراہم کرنے جیسے اقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔آئی جی سندھ نے آئی سی سی کے نمائندہ اور پی سی بی کے سیکیورٹی چیف سمیت قانون نافذ کرنیوالے دیگر اداروں/ایجیسیز کے نمائندگان کو خوش آمدید کہا۔انہوں نے بتایا کہ ڈی آئی جی ایسٹ نے تمام تر جائزوں اور مشاورت پر مشتمل کرکٹ میچز کے لیئے فول پروف سیکیورٹی منصوبہ تیار کیا ہے جس پر پولیس اور قانون نافذ کرنیوالے دیگر ادارے مشترکہ حکمت عملی اور مربوط روابط کے تحت عمل درآمد کو ہر سطح پر یقینی بنائیں گے۔انہوں نے کہا کہ عرصہ دراز کے بعد کراچی میں بین الاقوامی کرکٹ کی واپسی انتہائی خوش آئند ہے یہ نا صرف کراچی بلکہ سندھ کے عوام کی بھی دیرینہ خواہش تھی جس سے بلاشبہ پورے ملک میں بین الاقوامی کرکٹ میچز کے انعقاد کی واپسی یقینی ہوجائیگی۔انہوں نے سیکورٹی ایکسپرٹ کو یقین دہانی کرائی کہ صوبے کی عوام اور سندھ پولیس وقانون نافذ کرنیوالے دیگر ادارے اپنی میزبانی اور مشترکہ سیکیورٹی کے غیر معمولی اقدامات سے یہ ثابت کرینگے کہ پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ میچز کی واپسی باالکل درست فیصلہ ہے۔کیونکہ دیگر ممالک کی طرح پاکستان کے عوام کی بھی ایک کثیرتعداد کرکٹ کے شوقین ہیں۔ڈی آئی جی ایسٹ نے اس موقع پر کرکٹ میچز کے دوران سیکیورٹی کے فول پروف اقدامات پر خصوصی حوالوں سے بریفنگ دی جس میں کھلاڑیوں اور میچ آفیشلز کا پروٹوکول،اطراف کی سیکیورٹی ، ائیر پورٹ سیکیورٹی،ٹرانسپورٹ، ٹریول سیکیورٹی ، منتخب کردہ محفوظ روٹس مقامات پر سیکیورٹی،اسٹیڈیم کے اطراف میں حصار سیکیورٹی،ٹریفک /پارکنگ پلان ، وغیرہ سمیت خصوصی ایس او پیز کے ساتھ ساتھ کمانڈ اینڈکنٹرول سینٹر سے مانیٹرنگ قابل ذکر تھے۔ریگ ڈکسن نے تمام شرکاء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کرکٹ سیکیورٹی کے مجموعی اقدامات پراپنے اطمینان کا اظہار کیا اور سیکیورٹی پلان کو انتہائی جامع اور غیرمعمولی قرار دیا۔اس موقع پر سندھ پولیس کی جانب سے آئی جی سندھ نے نمائندہ آئی سی سی کو یادگاری شیلڈ دی۔