کراچی (اسپورٹس رپورٹر)آئی سی سی کے سکیورٹی کنسلٹنٹ رچی رگ ڈکلسن نے کہا ہے کہ کراچی میں پاکستان سپر لیگ کے میچوں کی سکیورٹی انتظامات کے حوالے سے ملنے والی بریفنگ پر مطمئن ہوں ،اس سلسلے میں نیشنل اسٹیڈیم کراچی کے علاوہ دیگر مقامات کا دورہ بھی کیا ہے ،یہ بات انہوں نے کراچی میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہی ۔انٹر نیشنل سکیورٹی کنسلٹنٹ رچی رگ ڈکلسن کراچی میں مجوزہ پی ایس ایل کے میچوں کی سکیورٹی کا جائزہ لینے کے لئے اتوار کی شب کراچی پہنچے تھے ،ان کا کہنا تھا کہ کراچی میں مختصر قیام کے دوران رینجرز،پولیس اور دیگرحکام سے ملاقاتیں کی ہیں ،وزیر اعلیٰ سے بھی بات ہوئی ہے ،جنہوں نے سکیورٹی کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی ہیں جسے اپنی رپورٹ میں شامل کروں گا اور تمام انتظامات کے حوالے سے رپورٹ حکام کو پیش کروں گا ۔ اس سے قبل انہوں نے گزشتہ روز پہلے سیشن میں نیشنل اسٹیڈیم کراچی کا دورہ کیا ،پی سی بی کے ڈائرکٹرسکیورٹی کرنل (ر) اعظم نے انہیں بریفنگ دی ۔رگ ڈکلسن نے نیشنل اسٹیڈیم کے متعدد حصوں کا دورہ کیا ،انہوں نے اسٹیڈیم کی مرکزی عمارت کے مختلف حصوں کے ساتھ گراونڈ، انکلوژرز،وی آ ئی پی باکسز، ڈریسنگ روم،امپائرز روم، کنٹرول روم، اسکورنگ ٹاور،میڈیا سینٹر اور پارکنگ ایریا کا تفصیلی دورہ کیا اور وہاں موجود سہولیات کا مکمل جائزہ لیا اور اپنے تاثرات نوٹ کرتے رہے،اس موقع پر رینجرز اور پولیس حکام کے علاوہ سابق ٹیسٹ کرکٹر صلاح الدین صلو اور نیشنل اسٹیڈیم کے جی ایم ارشد خان بھی موجود تھے ۔غیر ملکی سکیورٹی کنسلٹنٹ پاکستان سپر لیگ کے سلسلے میں کراچی میں مجوزہ میچوں کے حوالے سے سکیورٹی رپورٹ تیار کر رہے ہیں جس کی بنیاد پر پی ایس ایل میں شریک کرکٹرز پاکستان آنے کا فیصلہ کریں گے ۔