کھیلوں کی سرگرمیاں طلباء وطالبات کو چاک و چوبند رکھتی ہیں ،ڈاکٹرجمال ناصر

راولپنڈی (نیوز رپورٹر)کھیلوں میں خواتین قومی اور عالمی سطح پر ملک وملت کا نام روشن کر رہی ہیں۔ تعلیمی اداروں میں تعلیم کے ساتھ کھیلوں کے مواقع فراہم کرنا احسن اقدام ہے کیونکہ کھیلوں کی سرگرمیاں طلباء وطالبات کو چاک و چوبند رکھتی ہیں اور ان کی شخصیت کی تعمیر میں مدد دیتی ہیں، کھیلوں سے نوجوانوں میں سپورٹس مین سپرٹ پیدا ہوتی ہے جو انہیںعملی زندگی میں کامیاب شہری بنانے میں مدد دیتی ہے۔ان خیالات کا اظہار سیاسی و سماجی راہنما اور صدر پاکستان گرین ٹاسک فورس ڈاکٹرجمال ناصر نے وقار النساء گرلزسیکنڈری سکول ٹیپو روڈ میں سالانہ سپورٹس ڈے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔سینٹر نجمہ حمید ،پرنسپل سمن خاور عبداللہ،وائس پرنسپل عظمٰی شیرازی، محمد اکرام چوہدری ایڈووکیٹ ،مسز طاہرہ اکرام، نگہت انصر ، رضوانہ گیلانی ،فرح ارشاد، ناصرہ شاہنواز کے علاوہ بڑی تعداد میں طالبات نے شرکت کی۔ کھیل مقابلوں میں سکول کے جونیئر اور سنیئر سیکشن کی طالبات اور ٹیچرزنے بھرپور حصہ لیا اور شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا ۔ڈاکٹر جمال ناصر نے بیگم وقار النساء نون کی تعلیمی و سماجی خدمات پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ جہالت کے خاتمے کے لئے لازم ہے کہ علم کی روشنی عام کی جائے ۔اس حوالے سے ان کا کردار ہمارے لئے قابل تقلید ہے۔

ای پیپر دی نیشن