کراچی (وقائع نگار )گورنرسندھ عمران اسماعیل سے ملاقات کے بعد پاکستان آئل ٹینکر اونر ز ایسوسی ایشن اور آل پاکستان گڈز کیریئر اونرز ایسوسی ایشن نے ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کردیا ہے اس ضمن میں پاکستان آئل ٹینکر اونر ز ایسوسی ایشن اور آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹرز ایسوسی ایشن کے مشترکہ وفد نے گورنر ہائوس میں گورنرسندھ سے ملاقات کی ۔ وفد میں ٹینکر اونرز ایسوسی ایشن کے سینئر وائس چیئر مین میر شمس شاہوانی ، گڈز ٹرانسپورٹرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین نثار جعفری ، حاجی بابر، ملک چراغ ، حاجی ناظم الدین اور دیگر شامل تھے ۔ اس موقع پر رکن سندھ اسمبلی ملک شہزاد اعوان بھی موجود تھے ۔گورنرسندھ نے وفد کے مسائل تفصیل سے سننے کے بعد کہا کہ بات چیت سے ہر مسئلہ کا حل نکا لا جا سکتا ہے ، موجودہ حکومت ملکی معیشت میں اہم کردار ادا کرنے والے اسٹیک ہولڈرز کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے وژن پر گامزن ہے ، آئل ٹینکرز اور گڈز کیریئر دونوں قومی معیشت کا پہیہ ہیں،میں،آئل ٹینکراور گڈز ایسوسی ایشنز کے مسائل متعلقہ محکموں تک پہنچائوں گا ۔اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے گورنرسندھ نے کہا کہ یہ فیصلہ درست ہے کہ 20 برس پرانے ٹینکرز تبدیل ہونا چاہئیں حکومت کے اس فیصلہ کو ٹرانسپورٹرز کی حمایت بھی حاصل ہے، موجودہ صورتحال پر پاکستان اسٹیٹ آئل کے منیجنگ ڈائریکٹر سے فی الحال معاملہ 2 ماہ کے لئے موخر کرنے کو کہا ہے تاکہ اس دوران کوئی قابل قبول راستہ تلاش کیا جاسکے ۔ انہوں نے کہا کہ قومی معیشت کی ترقی کے لئے آئل ٹینکرز اور گڈز ٹرانسپورٹرز کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرانے کی بھرپور کوششیں کریں گے اس ضمن میں متعلقہ اداروں سے رابطہ کرکے مسائل کے حل کو یقینی بنایا جائے گا ،پرانے ٹینکرز کی فروخت اورنئے ٹینکرز کی خریداری کے لئے مختلف امور کا جائزہ لیں گے کہ کس طرح ٹینکرز کی خریداری میں حکومت ان کے مالکان کی مدد کرسکتی ہے۔