لاہور(خصوصی رپورٹر) وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ آصف زرداری صاحب سیاستدانوں کی بجائے وکلا سے ملاقاتوں کو ترجیح دیں،قراردادوں سے حکومتیں نہیں جاتیں اس کیلئے ووٹ چاہئیں۔منگل کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ زرداری صاحب سیاستدانوں کی بجائے وکلاءسے ملاقاتوں کو ترجیح دیں، اس مفت مشورے کا احساس ان کو ہفتوں میں نہیں دنوں میں ہوگا۔انہوں نے کہا کہ قراردادوں سے حکومتیں نہیں جاتیں اس کیلئے ووٹ چاہئیں زرداری صاحب کے پاس اب صرف نوٹ رہ گئے ہیں وہ نوٹ کمانے کے چکر میں ووٹ کھو چکے ہیں۔سعودی عرب میں وزیر اعظم کے سرکاری دورے کے حوالے سے وزیر اطلاعات نے کہا کہ سعودی عرب میں عمران خان کو ملنے والااحترام پاکستان کا مقام ظاہرکرتاہے۔وزیراعظم کو مسلم امہ اہمیت دیتی ہے۔وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان پاکستان کے بے مثال رہنما ہیں۔ عمران خان کا عالم اسلام میں تعارف ایک نڈر اور اصول پرست حکمران کے طور پر ہوا ہے۔ آئندہ دنوں میں ہونے والے واقعات میرے اس بیان کو مزید واضح کریں گے، خدا ان کا مددگار ہو۔
فواد چودھری