لاہور (لیڈی رپورٹر)صوبائی وزیر ویمن ڈویلپمنٹ آشفہ ریاض فتیانہ نے کہا ہے کہ خواتین ڈینگی سے بچنے کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے خود کواور اپنے خاندانوں کو ڈینگی مچھر کے خطرناک اثرات سے بچائیں، کاٹھ کباڑ گھر میں جمع نہ ہونے دیں پانی کہیں بھی کھڑا نہ ہونے دیں،پانی کے برتنوں کو ڈھانپ کر رکھیں، باغیچے کی صفائی، پودوں اور گھاس کی کٹائی وقت پر کریں،گملوں اور کیاریوں میں پانی کھڑا نہ رہنے دیں۔ اپنے دفتر میں یونیورسٹی طالبات کے ایک وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سب خواتین اپنے بچوں کو بغیر آستینوں والے کپڑے پہنانے سے گریز کریں اورحکومتی پالیسیوں میں بھرپور طریقے سے انسداد ڈینگی سے متعلق نمائندگان کاساتھ دیں۔یہ وہ طریقہ ہے جس سے ہم سب ڈینگی مچھر جیسی عفریت سے محفوظ رہ سکتے ہیں۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ پاکستانی خواتین ڈینگی لاروا کی افزائش سرے سے ہی اپنے گھر میں نہ ہونے دیں اس کے لیے سپرے کروائیں گھروں کے ہر کونے کو صاف رکھیں اسی طرح اپنے گلی محلوں میں بھی کوڑا کرکٹ نہ پھینکیں تاکہ نہ صرف ڈینگی بلکہ ملیریا،خسرہ اور دیگر وبائی امراض سے بچا جا سکے۔