شہریوں کے تحفظ پر سمجھوتہ ممکن نہیں‘ دشمن انتشار کو ہوا دیکر الجھانا چاہتا ہے: اعجاز شاہ

Oct 24, 2019

اسلام آباد (نیوز رپورٹر + اپنے سٹاف رپورٹر سے)وزیر داخلہ اعجاز احمد شاہ نے کہا ہے کہ لوگوں کے غیر قانونی طور پر فرانس جانے کے معاملات مکمل طور پر حل ہو چکے ہیں، حکومت ویزہ اور پاسپورٹ کے سلسلے میں بھی بہترین لیول تک کامیابی حاصل کر چکی ہے، دس سال بعد ڈپلومیٹک انکلیو میں ترقیاتی کاموں کا آغاز کیا ہے، پوری کوشش ہے کہ تمام فارن کمیونٹی کو بہترین سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان میں تعینات فرانس کے سفیر مارک بارٹے سے ملاقات کے دوران کیا۔ فرانسیسی سفیر نے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی اور تعلقات کے فروغ کے لئے تجاویز بھی پیش کی گئیں۔ اس موقع پر فرانسیسی سفیر نے سکیورٹی صورتحال میں بہتری آنے پر اطمینان اور شکریہ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے باہمی معاملات پر تعاون اور سہولیات کی فراہمی میں گزشتہ سال میں واضح بہتری آئی ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہم نادرا، پاسپورٹ اور دیگر سکیورٹی و داخلی امور کے معاملے میں پوری طرح مطمئن ہیں۔ ہماری سہولیات اور سکیورٹی کے لیے کام کرنے کے آپ کے بے حد مشکور ہیں۔ تحریک انصاف کے مرکزی نائب صدر زاہد حسین کاظمی اور وفاقی وزیرداخلہ بریگیڈیئر (ر) اعجاز شاہ کے مابین اہم ملاقات ہوئی جس میں ملکی مجموعی سیاسی صورتحال، امن عامہ کے تحفظ کیلئے حکومت کے اقدامات سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیاگیا۔ اعجاز شاہ نے کہا کہ معیشت کی ترقی کیلئے انتظامیہ کی یکسوئی اور امن و استحکام بنیادی اجزا کی حیثیت رکھتے ہیں جبکہ دشمن انتشار کو ہوا دیکر پاکستان کو داخلی طور پر الجھانا چاہتا ہے جس میں کسی طور کامیاب نہیں ہوگا شہریوں کے جان و مال کی سلامتی اور تحفظ پر کسی قسم کا سمجھوتہ ممکن نہیں چنانچہ حکومت اسکے لئے بھرپور اقدامات اٹھائے گی۔ زاہد حسین کاظمی نے اس موقع پرکہا کہ وزیراعظم کی قیادت میں درست سمت میں آگے بڑھ رہے ہیں۔ تحریک انصاف امن عامہ کے تحفظ کیلئے وفاقی حکومت کی حکمت عملی و اقدامات کی مکمل حمایت کرے گی۔

مزیدخبریں