اسلام آباد (نیوز رپورٹر) وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین خان گنڈاپور نے کہا ہے کہ آج ہم نے اپنے عزم کو ازسرنو تقویت دینی ہے کہ ہم مقبوضہ کشمیر کے عوام کو حق خود ارادیت دلوانے کیلئے آخری حد تک جائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آزاد کشمیر کے یوم تاسیس کے موقع پر اپنے پیغام میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ آج کا دن آزادی کشمیر کی جدوجہد میں بڑا اہم مقام رکھتا ہے اور یہ دن اس عہد کی تجدید کا بھی دن ہے کہ ہم نے اپنی جدوجہد اور کوششوں سے مقبوضہ کشمیر کے عوام کو حق خود ارادیت اور آزادی کی نعمت سے ہمکنار کرانا ہے۔ انہوںنے کہا پوری دُنیا میں بھارت کا بدنما چہرہ بے نقاب کرنے میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں گے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی جانب سے حالیہ کرفیو کے نفاذ سمیت پرتشدد کارروائیاں ہم سے اس امر کا اور بھی تقاضا کرتی ہیں کہ ہم اپنے مقبوضہ کشمیر کے بہنوں اور بھائیوں کے حق خود ارادیت کے حصول کیلئے ہر ممکن کوشش کریں۔ انہوںنے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی سربراہی میں ہماری حکومت نے مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے میں خاطر خواہ کامیابی حاصل کی ہے اور آج عالمی دنیا مسئلہ کشمیرکو انسانی حقوق کی شدید تر پامالی اور علاقائی و عالمی امن کے حوالہ سے اس کی حساسیت کو اچھی طرح سمجھنا شروع ہو گئی ہے۔
مقبوضہ کشمیر کے عوام کو حق خودارادیت دلوانے کیلئے آخری حد تک جائینگے: علی امین گنڈاپور
Oct 24, 2019