لاہور/ اسلا م آباد (خصوصی نامہ نگار+ نوائے وقت رپورٹ) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے حکومت نے ایک ایسے وقت میں ملک کو انتشار کا شکار کیا ہے جب یکجہتی اور وحدت کی اشد ضرورت تھی۔ حکومت کی نااہلی نے کشمیر کی آزادی کی تحریک کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے۔ حکومت اپنی ادائوں پر غور کرے۔ پی ٹی آئی نے 126 دن دھرنا دے کر ایک ریکارڈ قائم کیا تھا۔ آپ کے خلاف تو لوگوں نے ابھی سہ روزہ بھی نہیں لگایا، آپ ابھی سے گھبرا گئے ہیں۔ اسلام آباد میں ایک خوف کا عالم ہے۔ حکومت قلعہ بند ہو کر خندقیں کھودنے میں مصروف ہے۔ حکومت آئین و قانون پر عملدرآمد کی بجائے خود لاقانونیت پر اتر آئی ہے۔ پوری سوسائٹی یرغمال ہے۔ سڑکوں کو کنٹینرز لگا کر بند کیا جارہا ہے۔ عوام کا پیسہ عوا م پر خرچ کرنے کی بجائے لوگوں کے راستے بند کرنے پر خرچ ہورہا ہے۔ بھارت میں برہمن راج اقلیتوں کا قاتل ہے ۔ ہندوستان میں مساجد ، گوردواروں اور چرچز کو شدید خطرہ ہے ۔ مودی مسلمانوں، سکھوں اور عیسائیوںکا مشترکہ دشمن ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں’’ پاکستان اقلیتی کنونشن ‘‘سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ کنونشن میں مسیحی ، سکھ اور ہندو برادری کے نمائندوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔ کنونشن سے سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی امیر العظیم ، نائب امیر جماعت اسلامی و نگران اقلیتی امور اسد اللہ بھٹو ایڈووکیٹ ، لیاقت بلوچ ، ڈاکٹر فرید احمد پراچہ ، مسیحی رہنمائوں ایلڈر دلبر جانی ، بشپ سنیل پطرس ، بشپ ابراہام ڈینئل ، سابق رکن قومی اسمبلی پرویز مسیح، جاوید گل ، انوسینٹ پال ، جسٹن رفیق عالم ، ڈاکٹر مجید ایبل ، ڈاکٹر کنول فردوس ، یونس سوہن ایڈووکیٹ ، سکھ رہنمائوں سردار گوپال سنگھ چاولہ ،رمیش سنگھ، ساجدبھاٹیہ،مہنت پنڈت لال، رتن لال آریہ و دیگر نے خطاب کیا ۔سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ اقلیتوں کے حقوق کی سب سے بڑی ضامن جماعت اسلامی ہے ۔امیر العظیم نے کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ اقوام متحدہ اپنی پاس کردہ قرار دادوں کے مطابق کشمیریوں کے حق خود ارادیت کو یقینی بنائے ۔ ۔لیاقت بلوچ نے اپنے خطاب میں کہاکہ آج منصورہ میں یسوع مسیح کی جے ست ، ست سر ی ا کال اور نمستے نمستے بھی ہوئی اور سب نے کھل کر اپنے خیالات کااظہار کیا ۔ اقلیتی کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے اقلیتی نمائندوں نے کہاکہ پاکستان کی تمام اقلیتیں کشمیر کی آزادی کے لیے پاکستانی قوم کے شانہ بشانہ ہیں ۔ علاوہ ازیں سنیٹر سراج الحق نے پاکستان میڈیکل کمشن کے نام سے نیا آرڈیننس جاری کرنے کیخلاف تحریک التوا سینٹ میں جمع کرا دی سراج الحق کی قرارداد میں کہا گیا ہے کہ پارلیمنٹ کی موجودگی میں آرڈیننس کے ذریعے قانون سازی آئین سے انحراف ہے۔ آرڈیننس کے ذریعے قانون سازی پارلیمنٹ کے مینڈیٹ کی توہین ہے۔
حکومت خوفزدہ، اسلام آباد میں خندقیں کھودی جا رہی ہیں: سراج الحق
Oct 24, 2019