سیرین ڈیموکریٹک فورسز کو سوچی معاہدے کی بعض شقوں پر تحفظات

Oct 24, 2019 | 15:47

ویب ڈیسک

شام میں سیرین ڈیموکریٹک فورسز (ایس ڈی ایف)کے کمانڈر جنرل مظلوم عبدی نے روس کے وزیر دفاع اور چیف آف اسٹاف کو اس بات سے آگاہ کیا ہے کہ وہ شمال مشرقی شام کے حوالے سے روس اور ترکی کے درمیان معاہدے کی بعض شقوں پر تحفظات رکھتے ہیں۔ عرب ٹی وی کے مطابق یہ بات ایس ڈی ایف نے ایک بیان میں بتائی۔بیان کے مطابق مظلوم عبدی نے روسی وزیر دفاع سرگئی شوگو اور چیف آف اسٹاف ویلری گیراسیموف سے وڈیو کال پر گفتگو کرتے ہوئے شمال مشرقی شام سے ایس ڈی ایف کے انخلا سے متعلق معاہدے طے پانے پر ماسکو کا شکریہ ادا کیا۔ تاہم ساتھ ہی عبدی نے معاہدے کی بعض شقوں پر اپنے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے باور کرایا کہ ان پر بحث اور مکالمے کی ضرورت ہے تا کہ نقطہ ہائے نظر میں قربت پیدا ہو سکے۔دوسری جانب شوگو نے ایس ڈی ایف کے کمانڈر کو آگاہ کر دیا کہ روس شام اور ترکی کی سرحد کے نزدیک اپنی فوجی پولیس کے افراد کی تعداد میں اضافہ کرے گا۔ دونوں شخصیات نے شام کے حوالے سے اعلان کردہ روسی ترکی معاہدے پر عمل درآمد کے متعلق بھی بات چیت کی۔ایس ڈی ایف کے کمانڈر کا کہنا تھا کہ ان کی فورسز شمالی شام میں روسی فوجی پولیس اور شامی حکومتی فورسز کی مدد کریں گی۔یاد رہے کہ ترکی کے ساتھ معاہدے کے تحت شمال مشرقی شام کی سرحد پر بدھ کے روز روسی فوجی پولیس کی تعیناتی کا آغاز ہو گیا تھا۔ اس اقدام کا مقصد علاقے سے کرد جنگجوں کو دور کرنا ہے۔

مزیدخبریں