انشاءاللہ 2020 سے قبل پاکستان سرمایہ کاری کیلئے موزوں ترین ممالک میں سے ایک ہو گا۔ وزیر اعظم عمران خان

Oct 24, 2019 | 20:10

ویب ڈیسک

وزیر اعظم پاکستان عمران خان کا کہنا ہے کہ پاکستان نے ورلڈ بینک کی ای او ڈی بی کی رینکنگ میں بہتری حاصل کی، اپنے منشور کے مطابق ایک اور وعدہ پورا کردیا۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ٹوئٹ کرتے ہوئے عمران خان نے لکھا کہ پاکستان نے کاروبار میں آسانی کرنے والے ملکوں کی رینکنگ میں سب سے بہترین کامیابی حاصل کرلی ہے۔انہوں نے بتایا کہ گزشتہ دہائی میں پاکستان کی رینکنگ 50 نمبروں سے زیادہ گر گئی تھی، اب پاکستان کی رینکنگ 28درجے بہتری کے بعد 136 سے 108 پر آگئی ہے۔انہوں نے اپنے ٹوئٹ میں اس کامیابی کے لیے محنت کرنے والے حکومتی ارکان کو مبارکباد دیتے ہوئے لکھا کہ ہمیں ابھی بھی مزید طویل سفر طے کرنا ہے۔وزیر اعظم نے لکھا کہ ان شااللہ 2020 کے آخر تک پاکستان سرمایہ کاری کے لیے اول نمبر پر آجائےگا۔دریں اثنائمشیر تجارت عبدالرزاق داﺅد کا کہنا ہے کہ وہ کاروبار شروع کرنے کی راہ میں حائل رکاوٹیں دورکر رہے ہیں۔اسلام آباد میں مشیر تجارت عبدالرزاق داود نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بیرونی سرمایہ کاروں کو راغب کرنے کے لیے سہولتیں دے رہے ہیں، سرمایہ کاری کے لیے کسی بھی ملک کی ڈوئنگ بزنس رینکنگ بہت اہمیت رکھتی ہے۔عبدالرزاق داود نے کہا کہ کوئی بھی ملک پاکستان میں سرمایہ کاری کرنا چاہے تو سب سے پہلے رینکنگ دیکھتا ہے۔کاروبار شروع کرنے سے متعلق عالمی بینک کی رپورٹ میں پاکستان کی رینکنگ بہتر ہوئی ہے۔مشیر تجارت نے کہا کہ رینکنگ سے ملکوں کی ساکھ پرکھی جاتی ہے، وزیراعظم عمران خان نے کاروبار میں آسانیوں کے لیے کئی اجلاس کرائے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ریفارمز میں پاکستان چھٹے نمبر پر آگیا ہے، مگر ابھی اور بہتری کی ضرورت ہے۔صوبوں سے تحصیل سطح پر اب بھی مسائل درپیش ہیں جبکہ بلوچستان اور کے پی میں مزید اصلاحات کی ضرورت ہے۔عبدالرزاق داود کا کہنا ہے کہ ہم نے جتنا بھی کام کیا ہے ورلڈ بینک کے تعاون سے کیا ہے، ورلڈ بینک کی معاونت پر ان کے شکر گزار ہیں۔ قبل ازیں ورلڈ کی جانب سے ڈوئنگ بزنس 2020 اسٹڈی رپورٹ جاری کی جس میں پاکستان کو کاروباری ماحول بہتر کرنے والے 10 سرفہرست ممالک میں شامل کرلیا ہے۔رپورٹ کے مطابق پاکستان کاروباری ماحول بہتر کرنے والے 10 سرفہرست ممالک میں شامل کرلیا گیا ہے، 6 ریگولیٹری اصلاحات کے نفاذ سے پاکستان کی عالمی رینکنگ میں 28 پوائنٹس کی بہتری آئی ہے۔

مزیدخبریں