زمبابوے کیخلاف سیریز،قومی کرکٹرز کی تیاریاں، پریکٹس میچ بھی کھیلا

Oct 24, 2020

لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس) زمبابوے کے خلاف ون ڈے سیریز کی تیاری کیلئے پاکستان ٹیم کے ممکنہ کھلاڑیوں کے درمیان پریکٹس میچ کھیلا گیا جس میںٹیم پاکستان گرین ٹیم  نے کامیابی حاصل کی۔ قذافی سٹیڈیم لاہور میں پاکستان گرین اور پاکستان وائٹ ٹیموں کے درمیان میچ کھیلا گیا۔ پاکستان گرین کی قیادت بابر اعظم اور پاکستان وائٹ کی کپتانی شاداب خان نے کی۔ پاکستان گرین میں امام الحق، عابد علی، حارث سہیل، افتخار احمد‘ محمد رضوان فہیم اشرف، طفر گوہر، شاہین شاہ آفریدی، عثمان قادر اور محمد حسنین جبکہ پاکستان وائیٹ میں فخر زمان، عبداللہ شفیق، حیدر علی، محمد حفیظ، خوشدل شاہ اور روحیل نذیر، عماد وسیم، وہاب ریاض، حارث رؤف اور موسیٰ خان کو رکھا گیا۔ پچاس اوورز پر محیط اس میچ میں علیم ڈار اور راشد ریاض نے امپائرنگ کے فرائض انجام دیئے۔ اس میچ میں پاکستان گرین نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ پچاس اوورز 5 وکٹوں کے نقصان پر 299 رنز بنائے عابد علی 81 رنز بنا کر ٹاپ سکور رہے جبکہ دیگر نمایاں کھلاڑیوں میں محمد رضوان نے 76، امام الحق نے 53 رنز بنائے۔ پاکستان وائٹ کے وہاب ریاض نے 50 رنز کے عوض 2 وکٹیں حاصل کیں۔جواب میں وائٹ ٹیم 279رنز بناسکی۔محمد حفیظ 69اور حیدر علی 61رنز بناکر نمایاں رہے۔ آج آرام کا دن ہے۔ گزشتہ روز کھلاڑیوں نے تین گھنٹے کا ٹریننگ سیشن کیا ، اس دوران کروناپروٹوکولز کا خاص خیال رکھا گیا۔بائیو سیکور ببل میں ہونے کے باوجود کوشش کی گئی کہ ایک جگہ زیادہ رش نہ ہو، گروپس میں کھلاڑی ٹریننگ کرتے رہے جبکہ نیٹس بھی الگ الگ لگائے گئے۔اس دوران گراونڈ سٹاف کو کھلاڑیوں کے قریب جانے یا گیند کو پکڑنے کی اجازت نہیں تھی اس لیے کرکٹرز اور آفیشلز باونڈری طرف جانے والی گیندوں کو پکڑنے کیلئے خود جاتے رہے جبکہ نیٹ بائولرز کو بھی ٹیم کیساتھ بائیو سیکور ببل میں رکھا گیا ہے جن کی تعداد 4 ہے۔قومی کرکٹرز کل تک نیٹ پریکٹس کرینگے اور 26اکتوبر کو راولپنڈی روانہ ہو جائیں گے جہاں مزید پریکٹس کی جائے گی ۔زمبابوین ٹیم کے کھلاڑی آرمی سٹیڈیم راولپنڈی میں پریکٹس میں مصروف رہے ۔کھلاڑیوں نے کوچ کی زیر نگرانی بائولنگ ‘بیٹنگ اور فیلڈنگ کی پریکٹس کی ۔ 

مزیدخبریں