لاہور( سپورٹس رپورٹر ) آئندہ ماہ لاہور میں سموگ کی ممکنہ شدت کی اطلاعات پر پی سی بی نے لاہور میں شیڈول آئندہ میچز کو راولپنڈی اور کراچی منتقل کردیا ہے۔ پاکستان اور زمبابوے کیخلاف سیریز میں شامل تینوں ٹی ٹونٹی میچز اب راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے جبکہ پی ایس ایل 2020 کے بقیہ چاروں میچز اب کراچی میں ہوں گے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان نے کہا کہ ہم گزشتہ چند ہفتوں سے موسم کی بدلتی صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے تھے اور جونہی لاہور میں آئندہ ماہ سموگ کی شدت میں اضافے کی معلومات ملیں تو ہم نے کھلاڑیوں کی صحت پر سمجھوتہ کرنے کی بجائے فوری طور پر میچز کو راولپنڈی اور کراچی منتقل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ پی سی بی کو افسوس ہے کہ لاہور کو مسلسل دوسری مرتبہ پی ایس ایل کے پلے آف میچز کی میزبانی نہیں مل رہی مگر کھلاڑیوں اور آفیشلز کی صحت عزیز ہے۔ خوشی ہے کہ زمبابوے کرکٹ اور پی ایس ایل کی فرنچائزز نے ہمارے فیصلے کو تسلیم کیا ہے، اس موقع پر ہم وفاقی اور صوبائی ایجنسیز کے تعاون پر ان کے شکرگزار ہیں۔ نیشنل ہائی پرفارمنس سنٹر نے فیصلہ کیا ہے کہ قائد اعظم ٹرافی فرسٹ کلاس ٹورنامنٹ کے تیسرے راؤنڈ کے بعد کھلاڑیوں کو بریک دیا جائیگا۔ بیس نومبر سے شروع ہونیوالے چوتھے راؤنڈ کیلئے واپسی پر کھلاڑیوں کے پہلے کرونا ٹیسٹ ان کے گھروں اور دوسرے سنٹرل سٹیشن پر ہونگے۔ ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس ندیم خان کا کہنا ہے کہ کھلاڑی بریک کا فارغ وقت گھروں میں گزاریں۔
سموگ :زمبابوے سیریز میں شامل ٹی ٹونٹی میچز لاہور سے راولپنڈی منتقل
Oct 24, 2020