اسلام آباد( نامہ نگار ) چیف آف ایئر سٹاف، ایئر چیف مارشل مجاہد انور خان، نشان امتیاز (ملٹری) نے جمعہ کے روز پہلی بار نیشنل یونیورسٹی آف سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی (نسٹ) کا دورہ کیا۔ نسٹ آمد پر ریکٹر لیفٹیننٹ جنرل (ر) نوید زمان، ہلال امتیاز (ملٹری) نے معزز مہمان کا استقبال کیا اور ان کے ساتھ ملاقات میں پاک فضائیہ اور نسٹ کے درمیان تدریسی پروگراموں اور تحقیق و ترقی کے شعبوں میں اشتراک عمل پر تبادلہ خیال کیا۔ بعد ازاں نسٹ کے جناح آڈیٹوریم میں طلبہ اور اساتذہ سے خطاب کرتے ہوئے ایئرچیف نے کہا کہ ٹیکنالوجی پر سرمایہ کاری اور اندرون ملک اس کی صلاحیت حاصل کرنا محتاجی سے نجات اور خودانحصاری کے حصول کے لئے ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی اے ایف بھی اس سلسلے میں اپنے وسائل بروئے کار لا رہی ہے جس کی ایک مثال پاکستان میں جے ایف سترہ لڑاکا طیاروں کی تیاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ نسٹ کی عالمی ساکھ، عمدہ ریسرچ اور ٹیکنالوجیز پر زور، ٹیکنالوجی اور جدت کے ذریعے قومی مسائل کے ازالہ پر اس کے پختہ عزم کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔ تقریر کے بعد ایئر چیف نے یونیورسٹی کے کیمپس میں ایک پودا لگایا اور پھر پاکستان میں پہلی بار کارڈئیک سٹنٹ تیار کرنے والے نسٹ کے ادارے این-اوویٹو ہیلتھ ٹیکنالوجیز کا دورہ کیا۔