مری(نامہ نگار خصوصی) پاکستان پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنماء اعتز از حسن نے کہا کہ ملکہ کوہسارمری وطن عزیز کا اہم اورخوبصورت ترین سیا حتی مقام ہے جہاں ڈاکخانہ چوک کی انتہائی اہم اور خوبصورت عمارت تاریخی نوعیت کی حامل ہے مگر اسکے عقب میں بے ہنگم تعمیرات نے جہاں اس عمارت کی دلکشی اور قدرتی مناظر کوختم کردیا ہے وہاں اس دلکش وادی کے حسن کوبھی گہنا دیا ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ ضابطے ،قانون اور بائی لاز کے تحت یہاں تعمیرات کرنے کی اجازت ہونی چاہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے مختصردورہ مری کے دوران ڈاکخانہ چوک مال روڈ پرمقامی میڈیا سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوںنے کہا کہ یہاں کے قدرتی ماحول کو برقرار رکھنے کیلئے زیادہ سے زیادہ درخت لگانے کی ضرورت ہے۔ یہاں کا موسم انتہائی خوبصورت ہے لیکن بلندوبالا عمارتوں اور زمین کی کٹائی سے یہاں لینڈسلائیڈنگ ہونے اور تودوں کے گرنے کا اندیشہ ہے۔ انہوںنے کہا کہ آبادی میں اضافہ سے گھر بنانے پڑتے ہیں لیکن حکومت قانون ،بائی لاز اورضابطے کے تحت تعمیرات کی اجازت ہونی چاہیے ۔
مری وطن عزیز اہم سیاحتی مقام ، بے ہنگم تعمیرات نے حسن کو گہنا دیا، اعتزازحسن
Oct 24, 2020