سرجانی ٹائون میں لینڈمافیاکاراج، حقیقی مالکان دربدر

Oct 24, 2020

کراچی (سٹی نیوز) کراچی کے علاقے سرجانی ٹائون میں لینڈمافیانے اندھیر مچادیا،کوئی بھی خالی پلاٹ دیکھ کر قبضہ کرلیاجاتاہے اور بائونڈری اور جھونپڑاڈال کر بیچ دیاجاتاہے،جبکہ اصل مالکان دربدر بھٹک رہے ہیں ،پولیس بھی کوئی مددنہیں کرتی۔ متاثرین نے الزام لگایاہے کہ پولیس بھی قبضہ مافیاکے ساتھ ملوث ہے، بے شمار درخواستوں کے باوجود لینڈمافیاکے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی جاتی۔تفصیلات کے مطابق سارہ بی بی گوٹھ اور روزی گوٹھ کے رہائشیوں نے احتجاج کرتے ہوئے کہاہے کہ  لینڈمافیاکے لوگ اسلحے کے زورپر علاقہ مکینوں کو ڈرادھمکاکر ان کے پلاٹوں اور مکانوں پر قبضہ کرلیتے ہیں اور یہ کہتے ہیں کہ پلاٹ ہماری طرف سے کینسل ہے جبکہ وہ پلاٹ ڈی سی آفس سے منظورشدہ ہوتے ہیں ۔انہوں نے بتایاکہ یہی لوگ پہلے پلاٹ بیچتے ہیں اور بعد میں ان پر قبضہ کرلیتے ہیں، گزشتہ سارہ بی بی گوٹھ اور روزی گوٹھ کے رہائشیوں نے ان کے خلاف پریس کلب پر بھی مظاہرہ کیاتھالیکن سرکاری محکمے ہماری کوئی مددکرنے کو تیارنہیں ہیں ، ہم چیف جسٹس آف سندھ ، وزیراعلیٰ سندھ، گورنر سندھ اور دیگر متعلقہ حکام سے اپیل کرتے ہیں کہ ہماری فریاد سنی جائے اور مذکورہ لینڈمافیاکے خلاف فوری کارروائی کرکے ہمارے مکان اور پلاٹ واپس دلوائے جائیں۔

مزیدخبریں