کراچی(کامرس رپورٹر) آغا اسٹیل انڈسٹریز لمیٹڈ کا ائی پی او مالی سال 21-2020 میں اسٹاک ایکسچینج کے ایکویٹی بورڈ پر تیسری آئی پی او کی لسٹنگ ہوگی۔آغا اسٹیل انڈسٹریز لمیٹڈ کے کامیاب آئی پی کے بارے میں بات کرتے ہوئے پی ایس ایکس کے چیف ایگزیکٹو آفیسر فرخ ایچ خان نے کہا کہ سال 2020 پی ایس ایکس کے ایکویٹی بورڈ اور ڈیبٹ کے شعبے پر پیش کشوں کے لحاظ سے زبردست سال ثابت ہوا۔ اس آئی پی او کے ساتھ مالی سال 2021 میں پی ایس ایکس کے ایکویٹی بورڈ پر تین لسٹنگ ہو جائیں گی۔ آغا اسٹیل انڈسٹریز لمیٹڈ کا کامیاب آئی پی او پاکستان کی کیپٹل مارکیٹ میں ادارہ جاتی اور بڑے انفرادی سرمایہ کاروں کے ساتھ عام افراد کے بھرپور اعتماد اور دلچسپی کا مظہر ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ یہ سال آزمائش کا سال ہے جو مختلف وجوہات کی وجہ سے معیشت کے لیے مجموعی طور پر اور پاکستان کی کیپٹل مارکیٹ کے لیے خصوصاً مشکل سال ثابت ہوا۔ کورونا وائرس کی عالمی وبا سے لے کر ایکسچینج پر ہونے والا دہشت گردی کا حملہ اور طوفانی بارشیں مارکیٹ پر بری طور اثرانداز ہو سکتی تھیں تاہم پاکستان کی کیپٹل مارکیٹ نے ان تمام عوامل کی وجہ سے پیدا ہونے والے دباؤ کا مقابلہ کیا اور ان سے مقابلہ کرتے ہوئے کامیابی سے ہمکنار ہوئی۔آغا اسٹیل انڈسٹریز لمیٹڈ کے سی ای او حسین آغا نے کمپنی کے آئی پی او کی بھرپور کامیابی پر بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ اسے ملنے والی پذیرائی پر بہت خوش ہیں اور تمام شراکت داروں کے آغا اسٹیل انڈسٹریز لمیٹڈ کے آئی پی او کو کامیاب بنانے کر شکر گزار ہیں۔ پاکستان کی مالیاتی کارپوریٹ مارکیٹ بہت جاندار ہے اور ہم انڈسٹری کی مالیاتی ترقی کے لیے پرامید ہیں۔ پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر لسٹنگ کا منظم اور ترتیب وار طریقہ کار حوصلہ افزا ہے اور ہمیں یقین ہے کہ مستقبل قریب میں مزید کمپنیاں اس پر لسٹڈ ہوں گی۔ یہ پاکستان کے لیے ایک بہت زبردست پیش رفت ہے۔ایشو کے لیڈ مینیجر اور بک رنرز عارف حبیب لمٹیڈ کے سی ای او شاہد علی حبیب نی کہا کہ پاکستان میں کسی اسٹیل کمپنی کا یہ سب سے بڑا ایشو تھا۔ ہم نے اس میں سرمایہ کاروں کی بڑی شمولیت کو حصہ لیتے دیکھا۔ 298 سرمایہ کاروں نے بک بلڈنگ میں حصہ لیا اور 5200 نے عام افراد کی سبسکرپشن میں حصہ لیا۔ انہو ں کی کہا کہ ویلیو کے لحاظ سے دیکھا جائے تو بک بلڈنگ ہدف سے 1.6 گنا زیادہ تھی اور عام افراد کی سبسکرپشن 1.3 گنا زیادہ رہی۔
فرخ ایچ خان