کراچی ( کامرس رپورٹر )یونائیٹڈ بزنس گروپ (یو بی جی) کی مرکزی کورکمیٹی ایف پی سی سی ائی کے انتخابات میں حصہ لینے کیلئے آج ہفتے کو لاہور میں چیئرمین یو بی جی افتخار علی ملک کی رہائشگاہ پر ہونے والے اجلاس میں صدر اور دیگر عہدوں کیلئے امیدواروں کا فیصلہ کرے گی۔اجلاس یونائٹیڈ بزنس گروپ کے چیئرمین افتخار علی ملک اور سرپرست اعلیٰ ایس ایم منیر کی سربراہی میں ہوگا جبکہ اجلاس میں شرکت کیلئے چاروں صوبوں اور اسلام آباد سے یو بی جی کورکمیٹی کے ممبران شرکت کیلئے جمعہ کی شام تک لاہور پہنچ چکے ہیں۔ایس ایم منیر نے لاہور پہنچنے کے بعد افتخار علی ملک سے انکے گھر ملاقات کی اور ان سے اجلاس کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔یو بی جی کے چیئرمین افتخار علی ملک نے کہا کہ یو بی جی کی قیادت اجتماعی فیصلوں پر یقین رکھتی ہے، گروپ کو 90فیصدتاجر برادری کے اعتماد حاصل ہے۔افتخار علی ملک نے اس امید کا اظہار کیا کہ یو بی جی کورکمیٹی جن امیدواروں کو بھی نامزدکرے گی وہ ایف پی سی سی آئی کے آئندہ انتخابات میں کامیابی حاصل کرکے اور تاجر برادری کے مسائل حل کریں گے۔ ایس ایم منیر نے کہا کہ یونائیٹڈ بزنس گروپفیڈریشن الیکشن جیت کر تاجر دوست ماحول کو فروغ دینے کے اقدامات کرے گا تاکہ حکومت اور چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے درمیان فاصلوں کو کم سے کم کیا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ تاجر برادری حکومت کو ہر قسم کا تعاون فراہم کرنے پر تیار ہے،بڑھتے ہوئے افراط زر کے مسئلے پر پیداوار میں اضافہ کرکے اورغیر ضروری اخراجات کو کم کرکے بھی حل کیا جاسکتا ہے۔
یو بی جی
فیڈریشن انتخابات‘یو بی جی مرکزی کورکمیٹی کااجلاس آج ہوگا
Oct 24, 2020