صدر ڈاکٹر عارف علوی اور وزیراعظم عمران خان نے عالمی برادری بالخصوص اقوام متحدہ پر زور دیاہے کہ وہ مسئلہ کشمیر کے حل کی خاطر سلامتی کونسل کی قرار دادوں پر عمل کے لئے اپنی اخلاقی ، قانونی ، سیاسی اور سفارتی ذمہ داریاں پوری کرے۔اقوام متحدہ کی 75ویں سالگرہ کے موقع پر اپنے پیغام میں صدر عارف علوی نے سلامتی کونسل پر زور دیاکہ وہ بھارت کے غیرقانونی زیر تسلط جموں وکشمیر میں مظالم کے خاتمے کے لئے بھارتی حکومت پر دبائو ڈالے۔انہوں نے کہاکہ اقوام متحد ہ کشمیر میں فوجی محاصرہ ، مواصلات اور پر امن اجتماعات پر پابندیاں ختم کرائے ۔انہوں نے کہاکہ اقوام متحدہ مقبوضہ کشمیر کے آبادیاتی ڈھانچے کو تبدیل کرنے کی نیت سے لائے گئے نئے ڈومیسائل قوانین کو کالعدم قرا ردے ۔صدر عارف علوی نے کہاکہ اقوام متحدہ بھارت کے 5اگست 2019کے یکطرفہ اور غیرقانونی اقدام کو کالعدم قرار دے اور ہندوستانی افواج کے ذریعے انسانی حقوق کی پامالیوں کی تحقیقات کے لئے ایک کمیشن آف انکوائری تشکیل دیاجائے ۔
وزیراعظم عمران خان نے اس موقع پر اپنے پیغام میں کہاہے کہ پاکستان اقوام متحدہ کے چارٹر کے تحت بین الاقوامی تنازعات کے پر امن حل اور دنیا کے مختلف ممالک کے درمیان دوستانہ تعلقات کے فروغ کے لئے اقوام متحدہ میں اپنا بھرپور کردار ادا کرتارہے گا ۔