مستونگ،ہرنائی م یں اپریشنز،بی ایل اے کمانڈر سمیت15دہشگردہلاک


کوئٹہ (بیورو رپورٹ + نوائے وقت رپورٹ) سیکیورٹی فورسز نے ہرنائی میں کارروائی کرتے ہوئے بی ایل اے کے کمانڈر سمیت 6 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر سیکیورٹی فورسز نے ہرنائی میں آپریشن کیا، آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز اور دہشتگردوں کے درمیان فائرنگ کے شدید تبادلے میں بی ایل اے کمانڈر طارق عرف ناصر سمیت 6 دہشتگرد مارگئے۔ آپریشن کے دوران ہتھیار اورگولیاں قبضے میں لے لی گئیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز کے دہشتگردوں کے خاتمے کے لیے آپریشنز جاری رہیں گے، دہشتگردوں کو ملکی امن استحکام کو برباد کرنے نہیں دیں گے، بلوچستان کے عوام کی سماجی اوراقتصادی ترقی کوسبوثاژ کرنے نہیں دیا جائیگا۔ اس سے قبل مستونگ میں سکیورٹی فورسز کی کارروائی کے دوران 9 دہشتگرد ہلاک ہوگئے۔ سی ٹی ڈی ترجمان کے مطابق کارروائی مستونگ کے علاقے روشی میں سکیورٹی اداروں کی خفیہ اطلاع پر کی گئی، آپریشن کے دوران کیمپ میں موجود دہشتگردوں کی جانب سے فائرنگ بھی کی گئی۔ سیکیورٹی فورسز کی جوابی کارروائی میں 9 دہشتگرد مارے گئے۔ ترجمان کے مطابق کیمپ دہشتگردی کی حالیہ مختلف کارروائیوں میں استعمال ہوا، کالعدم تنظیم کے زیر استعمال کیمپ سے اسلحہ و گولہ بارود برآمد ہوا، برآمد شدہ اسلحہ میں 9 کلاشنکوف، بیس کلو گرام دھماکہ خیز مواد، پرائما کارڈ، ڈیٹونیٹر اور آر پی جی راکٹ بمعہ دو گولے شامل ہیں۔

ای پیپر دی نیشن