ورلڈ کپ، پاکستان کا ٹیم کمبینیشن زبردست ، جیت ہماری ہوگی ، سابق کرکٹرز

Oct 24, 2021

کراچی  (اسپورٹس رپورٹر )قوقی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان محمد یوسف نے کہا ہے کہ پاکستان ٹیم کا ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کے لئے زبردست کمبی نیشن بنا ہوا ہے، امید اچھا پرفارم کریگی ۔ ایک انٹرویومیں محمد یوسف نے کہا کہ پاکستان ٹیم کا ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کے لئے زبردست کمبی نیشن بنا ہوا ہے، پوری قوم کی طرح میں بھی بہت پر امید ہوں کہ پورے ورلڈ کپ میں قومی ٹیم اچھا پرفارم کرے گی۔انہوں نے کہا کہ ہماری ٹیم میں ایسے کھلاڑی ہیں جو اکیلے میچ جتوا سکتے ہیں، قومی ٹیم پورے ورلڈ کپ میں ضرور اچھا پرفارم کرے گی۔محمد یوسف نے کہا کہ کرکٹ میں یہ کہنا بہت مشکل ہوتا ہے کہ کونسی ٹیم کہاں تک آگے جائے گی لیکن میں یہ ضرور کہہ سکتا ہوں کہ پاکستان ٹیم میں اتنا پوٹینشل ہے کہ فائنل تک رسائی حاصل کرے گی جبکہ فائنل میں ہار جیت کھیل کا حصہ ہوتا ہے لیکن ہمیں قومی ٹیم سے امید ہے کہ فائنل بھی جیتے گی۔سابق کپتان کا کہنا ہے کہ پاکستان کے دونوں اوپنرز پچھلے ایک عرصے سے بہت اچھا پرفارم کر رہے ہیں جبکہ مڈل آرڈر اچھا ہے جس میں سینئر اور جونیئر کا اچھا کمبی نیشن بنا ہے۔انہوں نے کہا کہ عماد وسیم اور شاداب خان دونوں اچھے اسپنرز ہیں جبکہ شاہین شاہ آفریدی، حسن علی اور حارث رئوف فاسٹ بولنگ کے شعبے میں شاندار ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ میں حسن علی کا بہت بڑا فین ہوں، حسن علی سے ہمیشہ امیدیں لگا کر رکھتا ہوں کیونکہ وہ بہت خطرناک کھلاڑی ہیں۔محمد یوسف کا حسن علی کے حوالے سے یہ بھی کہنا ہے کہ وہ بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ میں بہت شاندار ہیں، حسن علی کلین ہٹنگ کرتے ہیں، وہ ایسے پلیئر ہیں جو ٹیم کو اٹھا کر رکھتے ہیں۔قومی کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ بولر شعیب اختر نے کہا ہے کہ پاکستان کو بھارت سے زیادہ نیوزی لینڈ پر غصہ ہے۔سابق فاسٹ بولر شعیب اختر نے اپنے ایک انٹرویو میں کہا کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں پاکستان کا سارا فوکس نیوزی لینڈ سے میچ پر ہے، بھارت پر کم فوکس ہے۔شعیب اختر نے کہا کہ جو یہاں سے بھاگ کر گئے ہیں ہمارا اصل غصہ ان پر کیونکہ ہم نے انہیں ورلڈکپ میں نہیں چھوڑنا۔ ویڈیو شیئر کرتے ہوئے شعیب اختر نے کہا کہ  نیوزی لینڈ کو نہیں بھاگنے دینا اب لیکن چھوڑنا بھارت کو بھی نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت کے پاس شاندار کھلاڑی ہیں لیکن ٹی ٹوئنٹی میں پیشگوئی نہیں کی جا سکتی، بھارتی کرکٹ ٹیم پاکستان سے بہتر ہے لیکن پاکستان جارحانہ مزاج کی کرکٹ کھیلے گا۔شعیب اختر نے کہا کہ پاکستان ورلڈکپ میں بھارت سے بہتر ٹیم رہی ہے، ورلڈکپ میچوں میں بھارت نے پاکستان سے بہتر پریشر ہینڈل کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ میرے کیریئر کے دنوں میں پاکستان کے پاس بھارت سے بڑے کھلاڑی ہوا کرتے تھے۔انہوں نے کہا کہ کوہلی پر بابر اعظم سے زیادہ پریشر ہوگا کیونکہ میچ میں دبئی اسٹیڈیم پورا نیلا ہوگا، براڈ کاسٹرز بھی بھارت کے ہیں، لہذا اگر ہم ہار بھی جاتے ہیں تو زیادہ مسئلہ نہیں ہوگا اصل مسئلہ بھارت کو ہوگا کیونکہ ان کے پاس اس میچ کو کھونے کے ساتھ ساتھ کھونے کے لیے  اور بھی کچھ ہے۔شعیب اختر نے بھارت کے اسٹار بیٹسمین اور کپتان کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ قسمت کوہلی کے ساتھ نہیں ہے۔

مزیدخبریں