مانچسٹر (آئی این پی) صدر آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری صدر منتخب ہونے کے بعد آج جب پہلی مرتبہ 10روزہ برطانیہ اور یورپ کے چار ممالک کے دورے پر مانچسٹر پہنچے تو اُن کا مانچسٹر ائیر پورٹ پر کشمیر یوں کی جانب سے پرتپاک انداز میں شاندار استقبال کیا گیا۔ اس موقع پربرطانیہ بھر سے اُن کے استقبال کے لئے آئے ہوئے کشمیریوں نے انہیں گلدستے پیش کیے، اُن پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں اور کشمیر کی آزادی اور بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کے حق میں زبردست نعرے بازی کی۔اس موقع پر مانچسٹر ائیرپورٹ پر استقبالی ہجوم سے خطاب کرتے ہوئے صدر ریاست آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ جب میں نے صدر کے عہدے کا حلف اُٹھایا تھا تو میںنے وعدہ کیا تھا کہ میں مسئلہ کشمیر کو بین الاقوامی سطح پر جارحانہ انداز میں اُٹھائوں گا۔کیونکہ گزشتہ ڈیڑھ سال سے کرونا کی وجہ سے بیرون ملک کشمیری اُس طرح سے مسئلہ کشمیر کو اُجاگر کرنے میں اپنا کردار ادا نہیں کر سکے تو میں نے یہ ضروری سمجھا اور ذمہ داری محسوس کی کہ میں مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر بھرپور انداز میں اُٹھائوں۔ لہذا اسی بنا پر میں نے گزشتہ ماہ امریکہ کا دورہ کیا ۔ اس موقع پر جب بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کرنے آیا تو میں نے مودی کے خلاف اقوام متحدہ کے دفتر کے سامنے کشمیریوں کے مظاہرے میںشرکت کی 26اکتوبر کولندن میں برطانوی پارلیمنٹ سے خطاب 27 اکتوبر کو بھارتی سفارتخانے سے 10ڈاؤننگ سٹریٹ تک مظاہرے کی قیادت کروں گا، اسی طرح میں 28 اکتوبر کو برسلز 29 اکتوبر کو ہالینڈ کے دارالحکومت دی ہیگ میں عالمی عدالت انصاف کے سامنے ہونے والے مظاہرے 30 اکتوبر کو پیرس میں کشمیریوں کے مظاہرے کی قیادت کروں گا۔
صدر آزاد کشمیر کا مانچسٹر میں پرتپاک استقبال پرسوں برطانوی پارلیمنٹ سے خطاب کرینگے
Oct 24, 2021