نیویارک(این این آئی)خلائی تحقیق کے امریکا ادارے ناسا نے اعلان کیا ہے کہ چاند کی جانب اگلا مشن آرٹمس ون آئندہ برس فروری میں روانہ کیا جائے گا۔ اس مشن کا حتمی مقصد چاند کی سرزمین تک انسان کو دوبارہ لے جانا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق آرٹمس ون کے مینیجر نے بتایاکہ پہلا مشن انسانوں کے بغیر ہو گا اور اسے بارہ سے ستائیس فروری کے درمیان روانہ کیا جا سکتا ہے۔ بعد ازاں آرٹمس ٹو 2023 میں اور پھر اس سے اگلے برس آرٹمس تھری کو چاند کی جانب روانہ کیا جائے گا۔ ناسا کی کوشش ہے کہ 2024 ء تک انسان کو دوبارہ چاند کی سرزمین پر لے جایا جائے۔