اسلام آباد(نمائندہ نوائے وقت) وزارت انسانی حقوق نے تیرہ اضلاع میںزینب الرٹ ایپ کے بارے میں شعور اجاگر کرنے کیلئے ایک کمیونٹی انگیجمنٹ مہم شروع کی ہے جو پہلے ہی پاکستان سٹیزن پورٹل پر شروع کی جاچکی ہے۔ تفصیلات کے مطابق بچوں کے حقوق کے بارے میں آگاہی مہم کے ایک حصے کے طور پر زینب الرٹ پر پوسٹر اور لاپتہ بچوں کی رپورٹنگ کے طریقہ کار کو ڈی آئی خان، نوشہرہ ، شیخوپورہ ، ملتان ، مظفر گڑھ ، کوئٹہ ، کیچ ، تھرپارکر سمیت 13 اضلاع کے سرکاری دفاتر اور اسکولوں میں آویزاں کیا گیا ہے۔ یہ مہم والدین ، اساتذہ اور دیگر کمیونٹی ممبروں کی حوصلہ افزائی کے لیے تیار کی گئی تھی تاکہ وہ نئے قائم کردہ طریقہ کار کا استعمال کرتے ہوئے لاپتہ بچوں کی اطلاع دیں۔ الرٹ مہم ڈسٹرکٹ پولیس آفیسرز (ڈی پی اوز) اور ریجنل پولیس آفیسرز (آر پی اوز) کو ان کے متعلقہ ڈیش بورڈز کے ساتھ ساتھ ایس ایم ایس نوٹیفکیشن کے ذریعے بھیجی گئی ہے جس پر فوری عمل ہو سکے۔ انسپکٹر جنرلز (آئی جی) صوبائی صطح پر وزیراعلی اور صوبائی ہوم سیکرٹریز کا احکامات پر عملدرآمد کے ذمہ دار ہیں۔