کراچی (نیوزرپورٹر) سندھ حکومت کے اقدامات کے نتیجہ میں پاکستان گرین ہائیڈروجن بجلی بنانے والے ممالک کی فہرست میں شامل ہونے جا رہا ہے۔ چینی کمپنی پاور چائنا اور اوریکل پاور پبلک لمیٹڈ کے درمیان ایک ایم او یو پر دستخط ہو گئے ہیں، جس کے تحت صوبہ سندھ میں 400 میگا واٹ گرین ہائیڈروجن بجلی کا پلانٹ لگایا جائے گا۔ ملک کے اس پہلے گرین پاور پروجیکٹ کے ساتھ پاکستان گرین ہائیڈروجن بجلی بنانے والے ملکوں کی فہرست میں شامل ہو جائے گا، ایم او یو پر دستخط کی تقریب میں وزیر توانائی سندھ امتیاز شیخ اور چینی قونصل جنرل لی بی جون بھی موجود تھے۔ امتیاز شیخ نے اس موقع پر کہا کہ سندھ حکومت بجلی کا پلانٹ لگانے کے لیے تمام سہولت فراہم کرے گی، متبادل توانائی پالیسی کے تحت زمین کی فراہمی حکومت سندھ کی جانب سے ہوگی۔ انھوں نے بتایا کہ یہ ملک کا پہلا گرین پاور پروجیکٹ ہے، پاکستان کے توانائی بحران کا حل صرف سندھ کے پاس ہے، سستی، آلودگی سے پاک بجلی فراہمی سندھ حکومت کا نصب العین ہے۔
سندھ میں 400 میگا واٹ گرین ہائیڈروجن پاور پلانٹ لگایا جائیگا
Oct 24, 2021