پاکستان چین تجارتی خسارہ،مقامی کرنسیوں میں تجارت ہونی چاہیے:نعمان کبیر

لاہور(کامرس رپورٹر) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر میاں نعمان کبیر نے کہا ہے کہ چین کے ساتھ پاکستان کو تجارت میں کافی خسارے کا سامنا ہے۔ باہمی تجارت کو متوازن کے لیے فوری اقدامات کی ضرورت ہے نیز باہمی تجارت مقامی کرنسیوں میں ہونی چاہیے۔ ان خیالات کا اظہا رانجمن تاجران لاہور ، پاکستان سٹیل میلٹرز ایسوسی ایشن اور فیروز پور روڈ انڈسٹریل ایسوسی ایشن کے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ہے۔ اس موقع پر لاہور چیمبر کے سینئر نائب صدر میاں رحمان عزیز چن ، نائب صدر حارث عتیق نے بھی خطاب کیا جبکہ ایگزیکٹو کمیٹی کے ارکان بھی موجود تھے۔میاں نعمان کبیر نے کہا کہ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کے ساتھ پراپرٹی ٹیکس کا معاملہ اٹھایا ہے اور امید ہے کہ یہ کم ہوکر اپنے سابق ریٹ پر آجائے گا۔ انہوں نے وفد کو آگاہ کیا کہ ایف بی آر کی جانب سے بینک اکاؤنٹس تک رسائی کے حوالے سے وزیراعظم کو خط لکھ کر مطالبہ کیا ہے ۔کہ یہ اختیارات فی الفور واپس لیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ انڈسٹریل اسٹیٹس میں زمین بہت مہنگی ہے جس پر صنعت سازی ممکن نہیں، زمین کی قیمت کم کی جائے۔ اگر زمین کی قیمتیں کم نہ ہوسکیں تو لاہور چیمبر اپنی انڈسٹریل ڈویلپ کرے گا۔ لاہور چیمبر کے عہدیداروں نے کہا کہ کاروباری برادری کے مسائل کے جلد حل سے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے خیال کو فروغ ملے گا جو ملک کو درپیش معاشی چیلنجوں پر قابو پانے کا واحد راستہ ہے۔ ملاقاتوں کے دوران وفود میں شامل چیئرمین پاکستان اسٹیل ملز ایسوسی ایشن میاں احمد حسن ، چیئرمین پاکستان اسٹیل ری رولنگ ملز ایسوسی ایشن میاں منظور حیات ، میاں اقبال طارق ، مہر کاشف ، مجاہد مقصود بٹ ، عبدالرزاق ببر، تنویراحمد، عدنان خالد بٹ، ندیم قریشی، عثمان ملک، شفیق بٹ و دیگر نے بھی خطاب کیا۔ 

ای پیپر دی نیشن