شیخوپورہ(نمائندہ نوائے وقت) تحریک انصاف کے سینئر بزرگ سیاستدان چوہدری مشتاق احمد ورک آف کلہ نے کہا ہے کہ ملکی معیشت کا دارومدار زراعت پر ہے جسے فعال کرنے کیلئے مزید اقدامات کی ضرورت ہے حکومت دیگر طبقات کو سبسڈی دینے کے ساتھ ساتھ کسانوں کو ترجیحی بنیادوں پر ریلیف فراہم کرے اور خصوصی پیکج تشکیل دیا جائے جس میں ٹیوب ویلز پر صرف ہونیوالی بجلی کے نرخوں میں کمی اور کھادوں و زرعی ادویات سمیت زرعی آلات پر سبسڈی غیر معمولی طور پر شامل کی جائے تاکہ کسان مزید خوشحال ہو اور زراعت کو فروغ حاصل ہو ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی رہائشگاہ پر صحافیوں سے گفتگو کرتے کیا، مشتاق احمد ورک آف کلہ نے کہا کہ ماضی کی حکومتوں نے زراعت پر کوئی توجہ نہیں دی اور نہ ہی کسانوں اور کاشتکاروں کو ریلیف کی فراہمی کیلئے کوئی موثر منصوبہ بندی کی جس کے نتیجہ میں یہ شعبہ اور اس سے وابستہ افراد شدید متاثر ہوئے اسی کا نتیجہ ہے کہ ملکی معیشت کی بنیاد کہلانے والا شعبہ زراعت کسمپرسی کا شکار رہا ، حکومت کے زراعت کو فروغ دینے کے اقدامات مثالی ہیں۔