حکومت عوام کا بھرکس نکالنے میں مصروف ہے،اسلم آرائیں

Oct 24, 2021

کراچی (   نیوز رپورٹر ) شہری حقوق کمیٹی کے وائس چیئرمین ،انجمن دکانداران رنچھوڑ لائن کے صدر معروف تاجر رہنمامحمداسلم آرائیں نے مہنگائی شدید ترین لہر پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ حکومت عوام کا بھرکس نکالنے میں مصروف ہے، مہنگائی کی کوئی حدہی نہیں ہے، گھنٹوں اور منٹوں کے حساب سے قیمتوں میں اضافہ ہورہاہے،حکومت فوری طورپر مہنگائی پر کنٹرول کرے یاپھر مستعفی ہوجائے۔ یہ باتیں انہوں نے شہریوں کے ایک وفد سے ملاقات کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہیں، اس موقع پر عبدالوحید یونس، شاہد سوجیلا، اکرم نقشبندی، نعیم سروری ودیگر بھی ان کے ہمراہ موجودتھے۔ محمداسلم آرائیں نے کہاکہ موجودہ دورحکومت میں مہنگائی کو جیسے پہیئے لگ گئے ہیں کہیں رکنے کانام ہی نہیں لے رہی اور حکمران زبانی جمع خرچ کرکے قوم کو بے وقوف بنارہے ہیں، خوشامدی سرکاری فوج جمع کرکے حقائق پر پردہ نہیں ڈالاجاسکتاحقیقت یہی ہے کہ حکمران ناکام ہوچکے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ اب بھی وقت ہے اگر عمران خان قوم سے مخلص ہیں تو خوشامدیوں کے بجائے دانشوروں سے مشورے کریں اور ملک کو حقیقی فلاحی ریاست بنانے کی طرف قدم بڑھائیں،دوسری صورت میں وہی ہوگا کہ روم جل رہاتھااور نیروبانسری بجارہاتھا۔انہوں نے کہاکہ حکومت ملنے سے پہلے عمران خان نے جو دعوے اور وعدے کئے تھے سب ہواہوگئے اب صرف ان کو حکومت کی بقاء کی پڑی ہے، ملک میں ہر طرف ناانصافی،اقرباء پروری، کرپشن ،لوٹ مار کا اندھیر مچاہوا ہے اور حکمران اپنی تعریفوں پر مبنی ڈاکومنٹریاں چلارہے ہیں۔محمداسلم آرائیں نے کہاکہ مہنگائی اور بے روزگاری کا خاتمہ نہیں کیاگیا تو عوام سڑکوں پر نکلیں گے اور حکومتی ایوانوں کو تہہ وبالاکردیں گے ۔
اسلم آرائیں

مزیدخبریں