اسلام آباد(نمائندہ نوائے وقت) قومی ادارہ برائے وقار نسواں کی چیئر پرسن محترمہ نیلوفر بختیار نے کہا ہے کہ ادارے کی سمت کو مزید واضح اور مستقبل کی سرگرمیوں کے تعین کیلئے ادارے کے تذویراتی منصوبے(سٹریٹجک پلان)کی تیاری حتمی مراحل میں ہے جس کا باضابطہ اجرا اگلے ماہ کیا جائے گا ۔ اس تذویراتی منصوبے کی تیاری کیلئے قومی ادارے کو حقوق انسانی کے یورپی یونین کے اعانت شدہ پراجیکٹ حقوق پاکستان کا تعاون و اشتراک حاصل ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کیساتھ منعقدہ ایک مشاورتی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر سیشن کی مہمان خصوصی محترمہ منزہ حسن ،سیکرٹری خواتین پارلیمینٹری کاکس ، مہمانان اعزاز افشاں تحسین چیئر پرسن قومی کمیشن برائے حقوق اطفال اور وزارت مذہبی امور اور بین المذاہب ہم آہنگی محترمہ سنیلہ رتھ او رحقوق پاکستان پراجیکٹ کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر سیما جعفر نے بھی خطاب کیا جبکہ سیشن کی صدارت حقوق پاکستان پراجیکٹ کے سینیئر ماہر اسامہ صدیق نے کی۔