وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ پاکستان عالمی برادری کے ساتھ مل کر آج اقوام متحدہ کے قیام کی 76ویں سالگرہ منارہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے یوم اقوام متحدہ کے موقع پر پیغام دیتے ہوئے کہا کہ سب سے زیادہ بین الحکومتی نمائندگی کی حامل تنظیم کے طورپر اقوام متحدہ بنی نوع انسان کو درپیش کورونا عالمی وبائی، اس کے نتیجے میں جنم لینے والے معاشی بحران اور ماحولیاتی تغیر کے خطرات جیسے مشترکہ مسائل کے حل کی بہترین جگہ ہے۔
شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ قائداعظم محمد علی جناحؒ کی بصیرت سے ملنے والی رہنمائی اور جذبے کے تحت پاکستان نے ہمیشہ اقوام متحدہ کے منشور کو سربلند کیا ہے۔ عالمی امن وسلامتی، پائیدار ترقی اور سب کے لئے مساوی انسانی حقوق کے فروغ میں اقوام متحدہ کی مرکزیت کے ساتھ کثیرالقومیت کے لئے ہم نے ہمیشہ اپنے مضبوط عزم و ارادے اور پختہ وابستگی کا مظاہرہ کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ 1960 سے اقوام متحدہ کے امن دستوں اور کارروائیوں کے لئے سب سے زیادہ امن دستوں کی فراہمی میں سرفہرست ملک ہونے سے لے کر اقوام متحدہ کے بھارت اور پاکستان کے لئے فوجی مبصر گروپ (یو این ایم او جی آئی پی) جیسے قدیم ترین امن مشن کی میزبانی، دہائیوں سے لاکھوں مہاجرین کی مہمان نوازی کرنے سے لے کر دنیا بھر میں منصفانہ مقاصد کے لئے حمایت کی فراہمی تک، پاکستان ہمیشہ عالمی تعاون، مکالمے اور تنازعات کے پرامن حل کا بھرپور مبلغ اور پرچارکر رہا ہے۔
وزیر خارجہ کا کہنا ہے کہ گزشتہ 2 ماہ کے دوران پاکستان نے سفارتی مشن، اقوام متحدہ کے ذیلی اداروں اور بین الاقوامی تنظیموں سمیت دیگر کے افغانستان سے انخلاء اور انہیں متعلقہ مقامات تک پہنچانے میں سہولت کاری کا کلیدی کردار ادا کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ افغان عوام کو اقوام متحدہ کی جانب سے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر سامان کی فراہمی و ترسیل میں راہداری کی فراہمی میں پاکستان اپنی مدد اور تعاون جاری رکھے گا۔ اقوام متحدہ کا منشور ہمارے اس اجتماعی عزم وارادے کو اپنے اندر سموئے ہوئے ہے کہ عالمی قانون اور پرامن بقائے باہمی کی بالادستی ہو۔شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ کے دن کو مناتے ہوئے میں عالمی برادری پر زور دیتا ہوں کہ تنازعہ جموں وکشمیر پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں پر عمل درآمد کے لئے کام کرے۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے مزید کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کی رکن ریاستوں کے ساتھ ہاتھ میں ہاتھ ملا کر اقوام متحدہ کے منشور کے مقاصد اور اہداف کے حصول کی خاطرکام کرنے کے لئے آمادہ وتیار ہے تاکہ دنیا بھر میں امن، ترقی اور خوش حالی کی منزل حاصل کی جاسکے۔