ریاض + اسلام آباد (ممتاز احمد بڈانی + خبر نگار خصوصی) وزیراعظم شہباز شریف آج سعودی عرب کے دو روزہ دورے پر روانہ ہونگے جہاں ان کی سعودی ہم منصب محمد بن سلمان سے اہم ملاقات ہوگی۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم سعودی سرمایہ کاری کے حوالے سے منعقد ہونے والی کانفرنس میں شرکت کیلئے دو روزہ دورے پر روانہ ہورہے ہیں جہاں ان کی وزیراعظم سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز سے ملاقات شیڈول ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف سعودی کرائون پرنس کی دعوت پر یہ دورہ کر رہے ہیں جبکہ امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ اس وزٹ کے بعد اگلے ماہ محمد بن سلمان کی بھی پاکستان آمد متوقع ہے۔ نمائندہ ریاض کے مطابق دورے میں وزیراعظم شہباز شریف کی سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز سے ملاقات بھی متوقع ہے۔ لاہور سے نیوز رپورٹر کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف سے سابق وفاقی وزیر زاہد حامد نے لاہور میں ملاقات کی۔ ملاقات میں ملکی سیاسی صورت حال پر بات کی گئی۔ لاہور میں وزیراعظم محمد شہباز شریف سے نیسلے پاکستان کے ڈائریکٹر کارپوریٹ افیئرز شیخ وقار احمد نے بھی ملاقات کی اور سیلاب متاثرین کے لئے وزیراعظم فلڈ ریلیف فنڈ میں ایک کروڑ روپے کا چیک پیش کیا۔