چینی صدر مسلسل تیسری بار کمیونسٹ پارٹی کے سیکرٹری جنرل منتخب ،نواز ،شہباز شریف کی مبارکباد


بیجنگ‘ اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+شنہوا + نیوز ایجنسیاں) چین کے صدر شی جن پنگ تیسری بار کمیونسٹ پارٹی کے سیکرٹری جنرل منتخب ہوئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق وہ ماﺅزے تنگ کے بعد چین کے بااثر حکمران بن گئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق انہیں تیسری بار کمیونسٹ پارٹی کا سیکرٹری جنرل منتخب کرنے کیلئے آئین تبدیل کیا گیا۔ مرکزی کمیٹی سمیت دو ہزار 300 عہدیداروں نے انہیں ملک کیلئے ناگزیر قرار دیا ہے۔ ان کے انتخاب کے بعد کئی عہدیدار مستعفی اور متعدد کی ترقی ہو گئی۔ بیجنگ کے گریٹ ہال آف پیپل میں بند کمرے میں ہونے والی ووٹنگ کے اعلان کے بعد شی جن پنگ نے صحافیوں سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ پارٹی نے جو پُرخلوص اعتماد ہم پر کیا ہے‘ میں اس کیلئے پوری پارٹی کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں۔ انہوں نے وعدہ کیا کہ ہماری پارٹی اور لوگوں کے عظیم اعتماد پر پورا اترنے کیلئے پوری دلجمعی کے ساتھ فرائض انجام دیئے جائیںگے۔ انہوں نے کہا کہ چین کو دنیا اور دنیا کو چین کی ضرورت ہے۔ چین نے 40 سالہ کوششوں سے تیز اقتصادی ترقی اور استحکام پیدا کیا ہے۔ شی جن پنگ کو چین کی مرکزی فوجی کمشن کا دوبارہ سربراہ بھی منتخب کیا گیا ہے۔ مارچ میں حکومت کے سالانہ قانون ساز اجلاس کے دوران باضابطہ طور پر اعلان ہونے کے بعد 69 سالہ شی جن پنگ کی چین کے صدر کے طور پر تیسری مدت یقینی ہے۔ ان کا تقرر 2300 پارٹی مندوبین کی ایک ہفتہ طویل کانگریس کے بعد عمل میں آیا۔ اجلاس کے دوران مندوبین نے قیادت میں شی جن پنگ کی بنیادی پوزیشن کی توثیق کی اور حکومتی قیادت میں بڑے پیمانے پر ردوبدل کی منظوری دی جس میں سابق حریف عہدوں سے الگ ہو گئے۔ سابق وزیراعظم اور قائد مسلم لیگ (ن) نواز شریف نے کہا ہے کہ چینی صدر شی جن پنگ کو دوبارہ سی پی سی کا جنرل سیکرٹری منتخب ہونے پر دلی مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ یہ چین کے عوام کی طرف سے شی جن پنگ کی خدمات کا اعتراف ہے۔ یہ شی جن پنگ کی قابل قیادت پر چین کے عوام کے اعتماد کا ثبوت ہے۔ نواز شریف نے سوشل میڈیا پر بیان میں کہا پاک چین دوستی زندہ باد۔ وزیراعظم شہباز شریف نے چینی صدر شی جن پنگ کو ایک اور مدت کے لیے کمیونسٹ پارٹی کے جنرل سیکرٹری منتخب ہونے پر مبارک باد دی۔تفصیلات کے مطابق وزیراعظم پاکستان نے ایک ٹوئٹ میں لکھا میں پوری قوم کی جانب سے چینی صدر کو سی پی سی کے جنرل سیکرٹری کے طور پر دوبارہ منتخب ہونے پر مبارک باد پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے لکھا کہ یہ چین کے عوام کی خدمت کے لیے ان کی دانش مندانہ ذمہ داری اور غیر متزلزل لگن کو خراج تحسین ہے۔ چیئرمین سینٹ محمد صادق سنجرانی نے چین کے صدر شی جن پنگ کو کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کے مسلسل تیسری بار سیکرٹری جنرل منتخب ہونے پرمبارکباد پیش کی ہے۔ اتوار کو اپنے تہنیتی پیغام میں انہوں نے کہا کہ صدر شی جن پنگ کی قیادت میں چین ترقی اور خوشحالی کی بےمثال منازل طے کر رہا ہے اور پاکستانی عوام اور قیادت چین کے ساتھ تعلقات کو بے حد اہمیت دیتے ہیں۔ صدرمملکت عارف علوی نے بھی اپنی ٹویٹ میں صدر شی جن پنگ کو مبارکباد دیتے ہوئے لکھا کہ وہ پاکستان کے حقیقی دوست ہیں اور پاکستان اور چین کے درمیان دیرینہ تعلقات کے چیمپئن ہیں۔
چینی صدر/ منتخب

ای پیپر دی نیشن