کراچی/لاڑکانہ(این این آئی+نامہ نگار)مادرِ جمہوریت بیگم نصرت بھٹو کو دنیا سے رخصت ہوئے11سال بیت گئے، ان کی برسی اتوارکو منائی گئی، اس موقع پر پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنماﺅں نے پیغامات بھی جاری کیے ہیں۔وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے بیگم نصرت بھٹو کی 11 ویں برسی پر پیغام دیتے ہوئے کہا کہ مادر جمہوریت بیگم نصرت بھٹو ایک ثابت قدم اور قدآور شخصیت تھیں۔انہوں نے کہا کہ بیگم نصرت بھٹو نے جس بہادری سے شہید بھٹو کا مشن آگے بڑھایا وہ ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، انہوں نے پیپلز پارٹی اور ایم آر ڈی تحریک کو متحرک کرنے میں جو کردار ادا کیا وہ ہی جمہوریت کی بقا کا سبب بنا۔مراد علی شاہ نے کہا کہ بیگم بھٹو نے اس ملک میں جمہوریت کی جدوجہد میں جو قربانیاں دیں اس مثال تاریخ میں نہیں ملتی۔صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن نے اپنے جاری کردہ پیغام میں کہا کہ بیگم نصرت بھٹو کو جمہوریت کا علم بلند کرنے، آمریت کے خلاف طویل جمہوری و سیاسی جدوجہد اور لازوال قربانیوں پر انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بیگم نصرت بھٹو کی ملک، عوام، آئین و جمہوریت کے لیے خدمات رہتی دنیا تک یاد رکھی جائیں گی۔ انہوں نے مشکلات کا صبر سے مقابلہ کرنے اور آمریت سے لڑنا سکھایا ۔انہوں نے کہاکہ مادر جمہوریت ایک قدآور شخصیت تھیں، ایسی خاتون تھیں جنہوں نے بہادری سے بحرانوں کا مقابلہ کیا، سانحات سے گزریں لیکن جمہوری جدوجہد سے پیچھے نہیں ہٹیں۔صوبائی وزیر نے کہاکہ مادر جمہوریت کے روح سے وعدہ کرتے ہیں پاکستان پیپلز پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں ان کے بتائے ہوئے راستے پر اپنا سفر جاری رکھے گی۔پیپلز پارٹی کی رہنما اور وفاقی وزیرشیری رحمان نے مادر جمہوریت بیگم نصرت بھٹو کی 11 برسی کے موقع پر انکو سلام پیش کیا ہے۔واضح رہے کہ مادرِ جمہوریت بیگم نصرت بھٹو کو دنیا سے رخصت ہوئے11سال بیت گئے، ان کی برسی اتوار کو منائی گئی۔
وزیر اعلیٰ سندھ