اسلام آباد(نا مہ نگار)رسول اکرم کے عزیز چچا اور حضرت علیؓکے والد گرامی ابو طالبؓخلوص اور ایثار کا مکمل پیکر تھے ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے چیئرمین علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے مرکزی میڈیا سیل سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ حضرت ابو طالبؓہی وہ عظیم ہستی ہیں جو رسالت و نبوت کے عملی طور پر تحفظ کا باعث بنے آپ کی رحلت کے موقع پر تمام عاشقان نبوت و امامت کی خدمت میں تعزیت و تسلیت پیش کرتے ہیں۔
آپ نے تمام تر سختیوں اور آزمائشوں کو جھیلتے ہوئے رسول اکرم حفاظت کیخاطر کسی قربانی سے دریغ نہ کیا اور آخری وقت تک قریش کی چمکتی تلواروں کے سامنے رسالت ص کی ڈھال بنے رہے۔انہوں نے کہا کہ حضرت ابو طالبؓنے اپنے پاکیزہ خاندان کے ساتھ شعب ابی طالب کی شدید ترین سختیوں کو برداشت کرنا تو قبول کیا لیکن اپنے نبی آخر الزمان حضرت محمد مصطفی کی حمایت و حفاظت سے ہاتھ اٹھانا گوارا نہ کیا اور مسلسل آپ کی سرپرستی کا عظیم و مقدس فریضہ انجام دیتے رہے یہاں تک کہ اسی سال آپ اور ام المومنین جناب خدیجہ سلام اللہ علیہا کا وصال ہوا جسے نبی اکرم نے عام الحزن یعنی غموں کا سال قرار دیا۔